پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا

کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1900 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار کے دوران شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کی وجہ وزیراعظم نواز شریف کی پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے طلبی بتائی گئی۔دن کے آغاز سے ہی کراچی اسٹاک ایکسچینج (کے ایس ای) میں شدید مندی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 1900 سے زائد پوائنٹس گرگیا جبکہ بینچ مارک انڈیکس 48 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے آگیا۔کے ایس ای 100 انڈیکس دن کے آغاز میں 49526.92 پوائنٹس پر تھا، لیکن جے آئی ٹی میں وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد انڈیکس میں 1900 پوائنٹس کی نمایاں کمی واقع ہوئی تاہم کے ایس ای 100 انڈیکس اب 47731.44 کی سطح پر برقرار ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کو دو روز قبل جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا سمن موصول ہوا تھا جس کے بعد پارٹی رہنماؤں اور قانونی مشیروں سے مشاورت کی گئی تھی جہاں سمن کی تعمیل کرتے ہوئے وزیر اعظم کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔سمن کے مطابق وزیراعظم جمعرات (15 جون) کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔