Get Adobe Flash player

اسٹیٹ بینک نے ایس ایم ایس کے ذریعے نئے نوٹوں کا اجراء شروع کر دیا

 اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الفطر کی مناسبت سے ایس ایم ایس کے ذریعے نئے نوٹوں کا اجراء شروع کر دیا۔ اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے لئے اس سال دوبارہ ایس ایم ایس سروس متعارف کرائی ہے۔ نئے نوٹ کمرشل بینکوں کی نامزد شاخوں سے دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایس بی پی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر سے بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کئے جا سکیں گے۔ یو ا ین پی کے مطابق عوام کو موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے کمرشل بینکوں کی نامزد برانچز سے نئے نوٹوں کا اجراء 12 جون سے شروع کر دیا گیا ہے اور 23 جون 2017ء تک جاری رہے گا۔ ملک کے 120 شہروں میں ایک ہزار ای برانچز کے ذریعے یہ خدمت فراہم کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں یہ سہولت میسر آ سکے۔ ایک ایس ایم ایس پر چارجز 1.50 روپے جمع ٹیکس ہوں گے۔ اس سہولت کے تحت نئے نوٹ حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کو اپنا 13 ہندسوں والا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر یا سمارٹ کارڈ نمبر اور مطلوبہ ای برانچ کا کوڈ لکھ کر شارٹ کوڈ 8877 پر ایک ایس ایم ایس پیغام بھیجنا ہوگا۔ نامزد ای برانچوں کے برانچ کوڈ اسٹیٹ بینک کی ویب سائیٹ www.sbp.org.pk، پی بی اے کی ویب سائیٹ www.pakistanbanks.org اور کمرشل بینکوں کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں۔ واضح رہے کہ نئے نوٹوں کا فی کس کوٹہ 10 روپے کے تین پیکٹ ہیں جبکہ برانچ میں دستیابی کی صورت میں 50 روپے اور 100 روپے کے نوٹوں کا بھی ایک ایک پیکٹ مل سکتا ہے۔ عوام کو معلومات/شکایات کی صورت میں مدد دینے کے لئے ایس بی پی ایس سی نے ایک ہیلپ ڈیسک یو اے این 021-111-008-877 پر قائم کی ہے۔