کاشتکار بھنڈی کی دوسری فصل کی کاشت بروقت مکمل کریں،محکمہ زراعت

محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کاشتکار بھنڈی کی دوسری فصل کی کاشت بروقت مکمل کریں۔بھنڈی کی دوسری فصل جون، جولائی میں کاشت کی جاتی ہے۔ کاشتکار فصل کی کاشت کیلئے محکمہ کی منظور شدہ قسم سبز پری کا اچھے اُگاؤ والا 10 سے 12 کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ بھنڈی توری کی کاشت کیلئے زرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی 6.5 سے 7.8 تیزابی اساسیت (pH) کی حامل زمین کا انتخاب کریں۔ کاشت سے قبل 10 سے 12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ ڈال کر 2 سے 3 مرتبہ ہل چلا کر زمین میں ملا دیں اس کے بعد زمین کو پانی لگا دیں تاکہ زمین میں موجود جڑی بوٹیوں کے بیج اُگ آئیں۔ اس کے بعد زمین کو 2 سے 3 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر کاشت کیلئے تیار کرلیں۔ اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے بوقت کاشت ڈیڑھ بوری ڈی اے پی، ایک بوری امونیم نائٹریٹ یا سلفیٹ اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ استعمال کریں۔