پاکستانی آم یورپی ملکوں پر چھانے کیلئے تیار

یورپی منڈی سے بھارت آئوٹ ہوگیا، عمدہ معیار کے ساتھ پاکستانی آم یورپ کے ملکوں پر چھانے کیلئے تیار ہے، اندرون سندھ باغات کے معائنے کا کام شروع کر دیا گیا۔ یورپی یونین نے یکم مئی کو بھارتی سبزیوں اور پھلوں کی درآمد پر مختلف بیماریوں کے جراثیم کے باعث پابندی عائد کردی تھی، جس کے باعث پاکستانی تاجر یورپی منڈی میں بڑے پیمانے پر آم برآمد کرسکتے ہیں۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں معائنہ کاروں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس نے برآمدکنندگان کے وئیرہاوسز کا دورہ کیا اور اب اندرون سندھ آم کے باغات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ٹیم آم کی یورپی یونین برآمد کے لئے گرین سنگل دے گی، گذشتہ سال پاکستان نے چھ کروڑ ڈالر کا ڈیڑھ لاکھ ٹن آم برآمد کیا، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ رواں سال آم کیلئے یورپ کی اہم مارکیٹ حاصل کرنے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔