جاپان کے قومی تجارتی خسارے میں 7.8 فیصد تک کمی

جاپان کے قومی تجارتی خسارے میں 7.8 فیصد تک کمی آگئی۔ جاپان کے محکمہ شماریات اور وزارت تجارت سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق جاپان کے تجارتی خسارے کے حجم میں اپریل میں 7.8 فیصد سے 808.9 ارب ین (9 ارب ڈالر) کی کمی واقع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں شارٹ فال 877.4 ارب ین تھا۔ رپورٹ کے مطابق جاپان سے اپریل میں برآمدات میں 5.1 فیصد سے 6.07 کھرب ین اضافہ ہوا جن میں بڑا حصہ آٹو موبائل کی برآمد کا رہا۔ درآمدات کے حجم میں بھی 3.4 فیصد سے 6.88 کھرب ین تک اضافہ ہوا۔ قدرتی گیس کی بیرون ملک سے خریداری بھی زوروں پر رہی۔ تاہم اپریل میں خام تیل کی درآمد 11.2 فیصد کم رہی۔