دس ماہ کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ

پاکستان سے رواں مالی سال کے ابتدائی دس ماہ کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات سمیت دیگر اشیاء کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ خوراک، ٹرانسپورٹ، پٹرولیم اوردھاتوں کی درآمدات میں کمی ہوئی ہے۔پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی دو ہزار تیرہ سے اپریل دو ہزار چودہ تک پاکستان میں اشیائے خوراک بشمول نوزائیدہ بچوں کا دودھ، خشک میوہ جات، چائے، کھانے کے تیل اور دیگر اشیاء کی درآمدات پانچ اعشاریہ سات چھ فیصد کمی سے تین ارب، بیالیس کروڑ، بتیس لاکھ ایک ہزار ڈالر رہیں اس دوران ٹیکسٹائل، پاور جنریشن، تعمیراتی سامان، الیکٹریکل، ٹیلی کام و دیگر مشینری کی درآمدات نو اعشاریہ آٹھ چار فیصد کے اضافے سے پانچ ارب، سترہ کروڑ، ساٹھ لاکھ باسٹھ ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ ٹرانسپورٹ گروپ کی درآمد صفر اعشاریہ چھ سات فیصد کمی سے ایک ارب، تیراسی کروڑ، چونتیس لاکھ پینسٹھ ہزار ڈالر رہیں۔پیڑولیم مصنوعات کی درآمدات ایک اعشاریہ دو سات فیصد گھٹ کر بارہ ارب، بیس کروڑ، پچپن لاکھ چالیس ہزار ڈالر رہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ٹیکسٹائل مصنوعات دو اعشاریہ تین آٹھ فیصد اضافے سے دو ارب، چوبیس کروڑ، پینتالیس لاکھ پانچ ہزار ڈالر کی منگوائی گئیں۔