Get Adobe Flash player

نوازشریف ایک سوچ ، نظریے اور عمل کا نام ہے،حاجی پرویز

پاکستان مسلم لیگ(ن)میٹروپولٹن راولپنڈی سٹی کے جنرل سیکریٹری حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ نوازشریف ایک سوچ ، نظریے اور عمل کا نام ہے سپریم کورٹ میں سرخروہو کر وہ پہلے سے جوش جذبے ، جرات ، بہادری اور عظم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کریں گے اور 21 ۔ اپریل کو طلوع ہونے والی صبح روشن ، صبح قیامت تک یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے نے 2013 ء کے انتخابات پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے اور 2018 ء کا انتخاب بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)زیادہ مارجن سے جیتے گی۔ عدالتی فیصلے کے بعد راولپنڈی میںکارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حاجی پرویز خان نے کہاکہ پاکستان کی قومی سیاسی تاریخ میں 20 ۔ اپریل کا دن حق و انصاف کے فتح کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی جج صاحبان پر مشتمل پینل نے تاریخی فیصلہ دے کر ان قوتوں کے حوصلے پست کر دیئے ہیں جو روز اول سے وزیر اعظم پاکستان کے استعفے کے خواب دیکھ رہے تھے لیکن انہیں ہر بار ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور آئندہ بھی وہ اسی طرح شرمسار ہوتے رہیں گے۔ عدالت عظمی کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حاجی پرویز خان نے کہاکہ پی ٹی آئی کے جھوٹ کا پول کھل گیا ہے اورعدالت عظمی کے فیصلے سے ملک کے طول و ارض میں شادمانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی سیاست کی مخالفت کرنے والے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں تعلیم عام ہو ، صحت کی معیاری سہولیات عوام کو میسر آئیں ، اقتصادی منصوبوں سے کاروبار اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں ، توانائی کے منصوبے مکمل ہو ں،لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہو اور سی پیک جیسے عظیم منصوبوں سے ملک کو اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا گیا جاسکے۔حاجی پرویز خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے وزیر اعظم پاکستان سے مستعفی ہونے کے مطالبے کا مقصد پاکستان میں جاری ترقی کا عمل روکنے اور ملک میں سیاسی ابتری پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف سازش ناکام ہو گئی ہے اور عدالتی فیصلے کی تشریح میں مبالغہ آرائی سے کام لینا بددیانتی اور ملک دشمنی کے مترادف ہے۔