Get Adobe Flash player

ناکہ لگا کر رشوت لینے والا ایکسائز انسپکٹر انٹی کرپشن کا چھاپہ پڑنے پر فرار ،ڈرائیور گرفتار

ناکہ لگا کر رشوت لینے والا ایکسائز انسپکٹر انٹی کرپشن کا چھاپہ پڑنے پر فرار ،ڈرائیور گرفتار،دونوں کے خلاف مقدمہ درج، جبکہ شہری کی زمین کا انتقال درج کرنے کے لئے 30ہزار روپے رشوت مانگنے ولا پٹواری رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹر برانچ کا انسپکٹر ملک برکت پرویز اپنے ڈرائیور فدا حسین کے ہمراہ روات کے قریب ناکہ لگا کر گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس چیک کرنے کے بہانے رشوت لے رہا تھا اس دوران راجہ زبیر سکنہ راولپنڈی کی گاڑی کو روکا گیا اور ایکسائز کے ڈرائیور فدا حسین نے اس سے ایک ہزار روپے رشوت لی انٹی کرپشن حکام نے موقعہ پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتا ر کر کے اس کے قبضے سے ایک ہزار روپے برآمد کر لئے جب کہ انسپکٹر موقعہ سے فرار ہو گیا انٹی کرپشن پولیس نے انسپکٹر ملک برکت پرویز اورڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے کلر سیداں کے رہائشی محمد سعید نے ڈائریکٹر انٹی کرپشن چوہدری ذوالفقار احمد کو درخواست دی تھی کہ حلقہ کے پٹواری محمد سعید نے اس سے زمین کا انتقال کرانے کے لئے 20ہزا ر روپے رشوت لی جبکہ اس انتقال کی نقل دینے کے لئے مزید 10ہزا رروپے رشوت مانگ رہا ہے جس پر ڈائریکٹر نے انسپکٹر محمد رمضان کمبوہ کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی جس نے مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مار کر پٹواری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لئے ہیں ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔