سی ڈی اے نے ہمیشہ ملازمین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروایا ،چوہدری محمد یٰسین

سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،فضل احمد ستی،مظہر عباسی ،اظہر خان تنولی،وارث دلیپ و دیگر نے یونین کی طرف سے قائم کردہ بیوہ فنڈسے سی ڈی اے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے دوران سروس فوت ہو جانے والے ملازم جلال مسیح(کلینر) کی بیوہ کومبلغ اڑھائی لاکھ روپے کا امدادی چیک دیتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) نے ہمیشہ ملازمین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروایا اور سی ڈی اے میں پہلی مرتبہ بیوہ فنڈ قائم کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ بیوائوں ،یتیم بچوں اور بچیوں کی دعائوں کے طفیل مزدور یونین نے آٹھ سالوں میں ملازمین کے بے شمار مطالبات حل کروائے ہیں جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔انھوں نے کہا کہ جو ملازم دوران سروس فوت ہو جاتا ہے اس کے لواحقین کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین نے بیوہ فنڈ کا قیام عمل میں لایا ،انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے میں ملازمتوں کا تحفظ اور اجتماعی مسائل کو حل کروانا ہماری اولین ترجیح ہے،موجودہ انتظامیہ سی بی اے کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کی پاسداری سے گریز کر رہی ہے خصوصاً ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین جن کی مدت ملازمت دو سال سے زائد ہو چکی ہے ان کو مستقل کرنے کی بجائے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس سے ملازمین میں سخت بے چینی پائی جا تی ہے ،اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل ،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی سمیت تمام مسائل حل کریں تاکہ مزدوروں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے بار ہا سی ڈی اے انتظامیہ سے مزدوروں کے مسائل کے حل پر مذاکرات کیے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا جس سے انتظامیہ ہمیں احتجاج پر مجبور کر رہی ہے اور مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے احتجاج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے اس صورتحال میں اگر سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) نے احتجاج کی کال دی تو اس صورتحال میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی ۔