Get Adobe Flash player

دھماکے کے زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے،حنیف عباسی

 وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پرمیٹرو بس پراجیکٹ(عملدرآمد)کمیٹی کے چیئرمین حنیف عباسی نے گزشتہ روزراولپنڈی کالج روڈ پر ہونیوالے موٹر سائیکل بم دھماکے کے زخمیوں کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جاکر عیادت کی اور بعد ازاں جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا ،اس موقع پر ایم ایس ایف پنجاب کے صدر و مارکیٹ کمیٹی راولپنڈی کے وائس چیئرمین مقبول احمد خان،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناصر محمود،ڈی ایم ایس ڈاکٹر عرفان خلجی،اے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز سہیل،نیورو سرجن ڈاکٹر عارف ملک اور ڈاکٹر ایاز حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے،ہسپتال انتظامیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے حنیف عباسی کو بتایا کہ 20 زخمیوں میں سے 7 معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد حالت بہتر ہونے پرڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ 13 زخمی تاحال زیر علاج ہیںجن کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے،سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے،دریں اثناء صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میٹرو بس پراجیکٹ(عملدرآمد)کمیٹی کے چیئرمین حنیف عباسی نے بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس واقعہ میں دھمکی کا پہلو نمایاں لگتا ہے مختلف لوگوں کو پرچیاں اور دھمکیاں مل رہی ہیں جس پر راولپنڈی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے پہلے بھی کئی ملزمان کو گرفتار کیا ہے اس سانحہ کے ملزمان کو بھی جلد بے نقاب ہونا چاہیئے،انہوں نے کہا کہ زخمیوں نے مجھے بتایا ہے کہ سیور فوڈ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے اپنی طرف سے ریسٹورنٹ کی حفاظت کیلئے سیکورٹی کا مناسب بندوبست کررکھا ہے تاہم یہ دھماکہ آرڈی کے زیر انتظام پارکنگ سٹینڈ میں کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا ہے اگر آرڈی اے پارکنگ فیس وصولی کررہی ہے توموٹر سائیکل یا گاڑی کی چیکنگ بھی ان کی ہی ذمہ داری ہے،اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی سے بات کروں گا،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کو حادثے کی تفصیلات اور زخمیوں کے کوائف بھجوائے جارہے ہیں تاکہ زخمیوں کی مالی امداد ہوسکے۔دریں اثناء وزیر اعظم یوتھ بزنس لون سکیم پنجاب کے چیئرمین ملک شکیل اعوان نے مسلم لیگ (ن) میٹروپولیٹن کے نائب صدر مرزا منصور بیگ ، ایم ایس ایف پنجاب کے صدر و مارکیٹ کمیٹی راولپنڈی کے وائس چیئرمین مقبول احمد خان اور انجمن تاجران کالج روڈ کے صدر طارق جدون کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جاکربم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور بعد ازاں جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا ،انہوں نے سیور فوڈ کے مالکان چوہدری،نعیم،چوہدری ندیم اور چوہدری مبین سے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔