حکومت ناموس اہل بیت کیلئے موزوں قانون سازی کرے،پیر محمد نقیب الرحمن

عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و ممتاز روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ دین اور دُنیا دونوں کی حقیقی کامیابی عشقِ رسول مقبولۖ میں ہے۔حضور نبی کریمۖ،اہلِ بیتِ اطہار ،انبیاء کرام ،اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین کی محبت ہر مسلمان کا جزوِ ایمان ہے جس کے بغیر ایمان مکمل ہی نہیں ہو سکتا اور اس محبت پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے ۔تاریخ عالم شاہد ہے کہ جب تک مسلمانوں کے سر وں پر غلامیِ مصطفیۖکا تاج جگمگاتا رہا وہ دُنیا کے ہر شعبے میں چھائے رہے اور جو ںجوں یہ غلامی کمزور پڑتی چلی گئی ذلت ورسوائی ہمارا مقدر بنتی چلی گئی ۔ حضور نبی کریمۖ کا فرمان مُبارک ہے کہ جب تک تم قرآن ِکریم اور میرے اہل بیت سے منسلک رہو گے ہرگز گمراہ نہ ہو گے مملکت ِخداداد پاکستان جس کا آئین اسلامی اقداراور قوانین کی پاسداری کی ضمانت دیتا ہے اور یہاں بسنے والے مسلمانوں کے دل اللہ ،اُس کے رسولۖاور اہل بیت اطہار واصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین کی محبت سے لبریزہیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص یا ادارے کی طرف سے کی گئی گستاخی قابل مذمت ہے کیونکہ یہ ایک بہت بڑا گناہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس طرح کے اقدمات تمام مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہیں ۔آج ضروت اس امر کی ہے کہ تحفظِ ناموسِ رسالت ۖ وناموسِ اہل بیت اطہارواصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمٰعین واولیائے کرام کیلئے موزوں ترین قانون سازی اور آیئنی اقدامات کئے جائیں تا کہ کبھی بھی کوئی بھی اس ناپاک جسارت کے متعلق سوچ بھی نہ سکے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اتوار کے روز منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔دربارِسالت مآب ۖ میں خصوصی نعت پاک کا نذرانہ قبلہ صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے پیش کیا جبکہ محفل سے حافظ بشیر احمد سیالوی ،علامہ فیصل محمود نقشبندی ،اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا محفل کے اختتام پر پیر محمدنقیب الرحمن نے عالمِ اسلام کے اتحاد و اتفاق ،وطنِ عزیز کی سلامتی ،خوشحالی ،ترقی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دُعا کی۔