Get Adobe Flash player

زوہیب حسن کی دنیائے موسیقی میں10سال بعد واپسی

اسی اورنوے کی دہائی کی مشہور گلوکار جوڑی نازیہ حسن اور زوہیب حسن کو کون نہیں جانتا تاہم نازیہ حسن کی وفات کے بعد زوہیب نے گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی لیکن زوہیب 10 سال بعد ایک بار پھر ایک نئے البم کے ساتھ موسیقی کی دنیا میں واپس آرہے ہیں۔ٹیلی ویژن پروگرام سنگ سنگ چلیں سے موسیقی کی ابتدا کرنیوالے زوہیب حسن اوران یکی بہن نازیہ حسن کو پاکستان میں پاپ موسیقی کی سب سے مشہور جوڑی قرار دیا جاتا ہے جس کا پہلا البم ڈسکو دیوانے 1981 میں ریلیز ہوا جس نے نازیہ زوہیب کی گلوکار جوڑی کو شہرت کی ایسی بلندی پر پہنچادیا جو بہت کم پاکستانی گلوکاروں کے حصے میں آئی ہے۔ اس کے بعد نازیہ زوہیب کی جوڑی نے مزید چار میوزک البم ریلیز کیے جن میں بوم بوم (1982)، ینگ ترنگ (1984)، ہاٹ لائن (1987) اور کیمرا کیمرا (1992) شامل ہیں؛ اور اس کے بعد دونوں بہن بھائی دوسرے کاموں میں مصروف ہوگئے۔ ینگ ترنگ کو نازیہ زوہیب کا سب سے کامیاب میوزک البم قرار دیا جاتا ہے جس نے پاکستانی میوزک انڈسٹری میں نئے ریکارڈ بھی قائم کیے۔البتہ 2000 میں نازیہ حسن کی ناگہانی موت کے بعد زوہیب حسن نے موسیقی میں دلچسپی لینا چھوڑ دی اور 2003 میں ان کے نغمے خوبصورت نے شہرت حاصل کی جبکہ 2006 میں ان کا آخری سولو البم قسمت کچھ خاص شہرت حاصل نہ کرسکا۔ اس کے بعد انہوں نے کوک اسٹوڈیو کے صرف ایک سیزن میں اپنی آواز کا جادو جگایا تاہم کوئی نئی البم نہیں لائے۔