پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پاگیا

پاکستان ہائی کمیشن کینبرامیں منعقد ہونے والی ایک باوقار تقریب میں آسٹریلیا TAFEکے سی ای او کریگ رابرٹ سن اور نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے ،فنی تعلیم و تربیت (TVET) سیکٹر میں یہ ایک اہم پیشرفت ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر محترمہ نائلہ چوہان نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت فنی تربیت جیسے اہم سیکٹر میں ایک بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس فیلڈ میں تعاون کی نئی جہتیں کھلیں گی جس سے پاکستانی نوجوان مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ پاکستان کی ستر سالہ آزادی کی تقریب کے موقع پر طے پایا ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں آسٹریلین حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس سے پاکستانی نوجوانوں کو اپنے ہنر میں اضافے کے مواقع ملیں گے۔ پاکستان سے فنی تربیت کے انسٹرکٹرز کے لئے بھی کورسز کا آغاز ہوگااور ہمارے اعلیٰ تربیت یافتہ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر آسٹریلیا کی وزارت خارجہ کی سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹرمشیل فوسٹر اورTAFEکےCEOکریگ رابرٹ سن نے اس معاہدے کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید بڑھانے کیلئے نیک شگون قرار دیا اور اپنی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر خیبرپختواہ کی صوبائی سیکریٹری انڈسٹریز فرح حامد ،پاکستان سے گئے ہوئے TVETوفد کے ارکان اور آسٹریلیا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔