عوام نے سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول نہیں کیا، 10 ریفرنس دائر کریں، ڈرتا نہیں،شاہد خاقان عباسی

مسلم لیگ ن کے نامزد وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عوام نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول نہیں کیا، ایک نہیں دس ریفرنس دائر کریں، کسی سے نہیں ڈرتا، مولانا فضل الرحمان عبوری وزیر اعظم کی حمایت کے لئے پارٹی سے مشاورت کریں گے۔نون لیگ کے نامزد امیدوار برائے وزارتِ عظمی شاہد خاقان عباسی نے حکومت کے اتحادی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کے انتخاب کے لئے حمایت کرنے کی درخواست کر دی۔ میڈیا سے گفتگو میں نون لیگ کے نامزد وزیر اعظم نے کہا کہ اقامہ ہونا غیرقانونی نہیں، آجکل قوانین کی تشریح مختلف طریقے سے کی جا رہی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسی ریفرنس سے ڈرنے والے نہیں، اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں، الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کو بحران سے نکالنا سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے، عبوری وزیر اعظم کی حمایت کے لئے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مشاورت کریں گے۔