Get Adobe Flash player

مجلس وحدت مسلمین کا اجلاس،''مہدی برحق کانفرنس ''کے انتظامات کا جائزہ

مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی و ضلعی رہنمائوں کا ایک اہم اجلاس مرکزی رہنما نثار فیضی کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔اجلاس میں شہید عارف حسینی کی برسی کے سلسلے میں ہونے والی ''مہدی  برحق کانفرنس ''کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔  شرکا ء نے اپنے اپنے علاقوں میں ہونے والے روابط اور پیش رفت سے انتظامی کمیٹی کے سربراہ کو آگاہ کیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ 6اگست بروز اتوار پریڈ گرائونڈ (شکرپڑیاں) اسلام آباد میں شہید قائد کی برسی کی تقریب منعقد ہو گی جس میں ملک کے تمام بڑے شہروں سے شیعہ سنی  افراد شریک ہوں گے۔اس سلسلے میں نامور علما، کرام اور مختلف مذہبی و سیاسی شخصیات کو بھی مدعو کیا جا چکا ہے۔تمام اضلاع میں روابط کا سلسلہ تقریبا مکمل ہو چکا ہے۔تشہیری مہم میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے شب و روز محنت کر کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مختلف علاقوں  کی جامع مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں پمفلٹ کی تقسیم اور اعلانات کیے گئے  اور شہید حسینی کی قومی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب کے روز سٹیج کی تیاری ، سائونڈ سسٹم کی مناسب تنصیب اور نشست و برخاست کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس امر کو یقینی بنانے پر اتفاق رائے ہوا کہ مذکورہ معاملات کو بہترین انداز میں طے کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ برسی کی تقریب کو حکومت کی طرف سے  فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کے سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین کے سینکڑوں سکائوٹس کو کانفرنس کے  داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کیا جائے گا تاکہ ہر آنے جانے والی کی کڑی نگرانی کی جا سکے۔برسی کمیٹی کے چیئرمین نثار فیضی نے تقریب کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی و ضلعی عہدیدران کی کاوشوں کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک ملی فریضہ ہے جس کو ہم سب نے مل کر ادا کرنا ہے۔