Get Adobe Flash player

اے این ایف کی ملک گیر کاروائیاں ،26کروڑ 80لاکھ روپے کی منشیات برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 10 ملک گیر کاروائیوں کے دوران 26 کروڑ80 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی230.7 کلو گرام منشیات برآمد کر لی، جن میں 227.770 کلو گرام چرس اور 3 کلو گرام ہیروئن شامل ہے۔ ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 3 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے مخبر کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے RCD کوئٹہ کراچی روڈ پر واقع رمضان ہوٹل کے قریب ایک پوٹھوہار جیپ کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 195 کلو گرام چرس برآمد کر کے لسبیلہ کے رہائشی محمد حیات اور سمیع اللہ نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع کلہ عبداللہ میں واقع جنگل پیر علی زئی بازار کے قریب کلہ عبداللہ کے رہائشی حاجی اکبر نامی ملزم کے قبضے سے 2.9 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔اے این ایف لاہور نے موٹروے ٹول پلازہ، لاہور کے قریب ایک سوزوکی سوفٹ کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 12 کلو گرام چرس برآمد کر کے کراچی کے رہائشی محمد اویس اکبر نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ماڈل ٹائون، سیالکوٹ میں واقع مدینہ مسجد مرادیہ روڈ کے قریب گجرانوالہ کے رہائشی امتیاز احمد نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 1.6 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے سیالکوٹ میں وقع ایک نجی کوریئر کمپنی کے دفتر پر چھاپہ مار کر برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں چھپائی گئی 1.4 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ مذکورہ منشیات کراکری کے سامان میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب ایک ڈائیو ریسر کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی سیٹوں میں سے 7.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے خیبر ایجنسی کے رہائشی محمد شاہد نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے فیصل آباد کے رہائشی ساجد خان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 650 گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔اے این ایف کراچی نے دائود چورنگی، لانڈھی میں واقع پشاوری آئس کریم کے قریب کاروائی کے دوران مسمّی اشفاق احمد اور رضوان نامی 2 ملزمان کے قبضے سے 7.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران ملیر میں واقع مدینہ کالونی، سیکٹر A-47، سکیم 33 کے قریب زلمی نامی مقامی منشیات اسمگلر کے ذاتی قبضے سے 1.320 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران حیدر آباد میں واقع زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام بالمقابل ایگریکلچرز ریزیڈینشل کالونی کے قریب سے عبد الستار نامی مقامی منشیات فروش کے قبضے سے 1.5 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔