ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوم کی پہچان ہے،چیف ٹریفک آفیسر

 چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی شعیب خرم جانباز نے کہاکہ شہریوں کو دورانِ ڈرائیونگ احساسِ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اگر ہر شخص دوسرے روڈ یوزرز کے حقوق کا احساس کرتے ہوئے ڈرائیونگ کرے تو ٹریفک مسائل کم ہوجائیں گے اور حادثات میں بھی کمی آئے گی کیونکہ ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوم کی پہچان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی قوانین پر عمل کریں کیونکہ ٹریفک قوانین روڈ یوزرز کی پاسداری کے لیئے بنائے گئے ہیں تاکہ دورانِ سفر شہریوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ میٹر و بس سروس پراجیکٹ کی تعمیر کے آغاز پر ٹریفک آہستہ آہستہ چلی لیکن کسی بھی جگہ پر ٹریفک بلاک نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تبدیلی تعلیم سے ہی ممکن ہے کیونکہ تعلیم شعور دیتی ہے انہوں نے کہا کہ والدین کردار سازی میں بچوں کو آگاہ کریں کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ایک بڑا تجارتی شہرہے اور اس کی سڑکیں بھی کشادہ ہیں لیکن بڑا تجارتی شہر ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر تجاوزات بھی زیادہ ہیں جو ٹریفک کی روانی میں بہت بڑی رکاوٹ ہیں چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی شعیب خرم جانبازنے کہا کہ اگر ہر ادارہ اور ہر شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تو پھر ہی صحیح ٹریفک چل سکتی ہے ۔