اسلام آبادپولیس شہداء کے حاندانوں کو کبھی نہیں بھولے گی،وجاہت لطیف

گزشتہ روزقومی سطح پر پولیس شہداء کا دن منایا گیا اس سلسلہ میں پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدائ پر دعائیہ تقریب کا اہتما م کیا گیا  تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ریٹائرڈ)وجاہت لطیف تھے جبکہ اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد خالد خٹک ،ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد وقار احمد چوہان،ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی،ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد بن اشرف،ایس ایس پی سکیورٹی جمیل احمد ہاشمی کے علاوہ سینئر پولیس افسران، شہداء کی فیمیلیز ،اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اور دیگر افرادنے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں معزز مہمان خصوصی نے سینئر افسران کے ہمراہ یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے،دعا کی اور وزٹر ز بک میں شہداء کے لئے اپنے تاثرات درج کئے ۔مہمان خصوصی آئی جی (ریٹائرڈ) وجاہت لطیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ باعث فخر ہے کہ میں شہداء کے لئے یہاں موجود ہوں اور ان کی یاد گار پر پھول چڑھائے ۔پولیس کا کام ریاست کے تمام کاموں سے مشکل ہے ۔پولیس کا کام لاء اینڈ آرڈر اور قانون کے نفاذ ہے ۔پولیس کو طرح طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے ۔معاشرے کے حالات کے ساتھ ساتھ پولیس کی ضروریات میں بھی اضافہ ہوتا جاتا ہے اور اس سے پولیس کا کام اور زیادہ مشکل ہو جاتا ہے ۔وفاقی دارلحکومت میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لاء اینڈ آرڈز صورتحال کی وجہ سے اسلام آباد پولیس کا کام اور زیادہ مشکل ہوتا جا رہا  ہے ۔پولیس کو اپنے فرائض کے دوران مختلف ادوار سے گزرنا پڑتا ہے سب سے اونچا درجہ ان افسران و جوانوں کا ہے جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کی قربانی دیتے ہیں ۔اس سے بڑی قربانی نہیں ہو سکتی ۔ہمیں شہداء کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے لیکن اس کے ساتھ ساتھ شہداء کی فیمیلیز ،ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت ،ان کے گھروں کا بھی خیال رکھنا چاہئے اور جہاں تک ہو سکے ان کی دیکھ بھال کی جائے ۔میں امید کرتا ہوں کہ اسلام آباد پولیس ان کو کبھی نہیں بھولے گی۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی افسران کے ہمراہ شہداء کی فیمیلیز سے ملے اور کہا کہ آپ سب بہت خوش نصیب ہیں جن کے بھائی ،بچوں نے ملک کے لئے اپنے جان نچھاور کی اور شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا ۔اس سے بڑی عزت نہیں مل سکتی ۔