وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،علامہ سید ریاض حسین شاہ

جماعت اہل سنت نے ملک گیر " استحکام پاکستان مہم " شروع کر دی ہے۔ یہ مہم 14 اگست تک جاری رہے گی۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں استحکام پاکستان کانفرنسز ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جا رہے ہیں۔ استحکام پاکستان مہم کے آغاز پر جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں " صدائے محراب کے عنوان سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے۔ وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ناموس ارض وطن کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ استحکام پاکستان کے لئے لسانی علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ ضروری ہے۔ پاکستانیت کے شعور کو اپنا کر ہی وطن عزیز کو عظیم تر بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان قریہ عشق رسول ہے اس لئے پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔ جماعت اہل سنت کے ناظم اعلی نے کہا کہ قومی قائدین قوم کو انتشار کی بجائے اتحاد کی طرف لائیں۔ ملکی سلامی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ ملک دشمن طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے قومی اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے۔ محب وطن قوتیں متحد ہو کر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع کریں۔ فارن فنڈڈ این جی اوز نظریہ پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ نظریہ پاکستان ہی پاکستان کی بقا کا ضامن ہے۔