اوپی ایف گرلز سکول راولپنڈی کو ہائیرسکینڈری سکول کا درجہ دیدیا گیا

منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف افتخار بابر نے کہا ہے کہ اوپی ایف گرلز سکول راولپنڈی کو ہا ئیر سکینڈری سکول کا درجہ دے دیا گیا اور گرمیوں کی تعطیلات کے بعد ایف اے اور ایف ایس سی کلاسوں کا اجراء کیا جائے گا،اوپی ایف گرلز سکول راولپنڈی میں تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی اوپی ایف نے سکول کے لئے ایک بس دینے کا اعلان کیا انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد سکول کی لیبارٹری کو سائنسی آلات اور لائبریری کو کتب مہیا کی جائیں گی،ایم ڈی نے کہا کہ اوپی ایف ہر شعبہ زندگی میں سمندر پارپاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ سمندر پارپاکستانیوں کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیم کی فراہمی کے پیش نظر ملک بھر میں سکول اور کالج تعمیر کئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں طلباء مستفید ہو رہے ہیں۔اوپی ایف کے تعلیمی اداروں میںسمندر پار پاکستانیوں کے زیر تعلیم بچوں کو ٹیوشن فیس کی مد میں خصوصی رعایت دی جاتی ہے،اوپی ایف کے تعلیمی اداروں کو ملک میں نمایاں مقام حاصل ہے۔جہاں طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔علاوہ ازیں ملک کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھی سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے ان میں پیشہ ورانہ تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے زیر تعلیم مستحق اور باصلاحیت بچوں کے لئے وظائف بھی تقسیم کرتا ہے۔اوپی ایف نے سمندر پارپاکستانیوں کی ضرورت اور خواہش کے احترام میں ملک کے ان علاقوں میں اوپی ایف پبلک سکول قائم کرنے کی کوشش کی ہے جہاں سے کثیر تعداد میں پاکستانی بیرون ملک روزگار کے لئے گئے ہیں۔ اوپی ایف کے تعلیمی اداروںکے قیام کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہے۔