موبائل فونز کی درآمدات میں فیصد اضافہ

گذشتہ مالی سال 2016-17ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 5.78 فیصد کا اضافہ ہوا اور دوران سال 74 ارب روپے کے موبائل فونز سیٹ درآمد کئے گئے ۔ ادارہ شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران ٹیلی کام کی مجموعی ملکی درآمدات میں 0.38 فیصد کی کمی سے درآمدات 141.8 ارب روپے تک کم ہو گئیں جبکہ مالی سال 2015-16ء کے دوران درآمدات کا حجم 141.9 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ٹیلی کام کے شعبہ کے ماہرین نے بتایا کہ ایک سال کے دوران ایک ارب ڈالر ز کے قریب موبائل فونز کی درآمدات سے قومی معیشت پر بوجھ پڑ رہا ہے جبکہ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فونز کی درآمد کی بجائے اندرون ملک فون سیٹوں کی تیاری کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔