پاکستان اور بھارت کو قریب لانے کیلئے چین کی کوششیں
پاکستان کے عظیم دوست ملک چین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ایک بار پھر کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے اور اس کے لئے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے بیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف واضح ہے اس میں کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی' مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی وراثت کا معاملہ ہے دونوں کو کشمیر کے معاملے پر مذاکرات میں پیش رفت کرنا ہوگی فریقین کے درمیان مشاورت اور بات چیت سے مسئلے کو حل کیا جانا چاہیے ترجمان نے کہا کہ چین کی یہ پالیسی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کو مذاکرات میں تیزی لانی چاہیے دونوں ممالک ایک دوسرے کو خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے دخل اندازی سے گریز کریں ہم دونوں کی سرحدوں کو محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن کو یرغمال بنائے ہوئے ہے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ پاکستان اور بھارت کو قریب لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہا ہے کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے دونوں کو مذاکرات میں تیزی لانی چاہیے تاکہ اس مسئلہ کو پرامن طریقہ سے حل کیا جاسکے دونوں ممالک کو مسائل حل کرنے کی طرف توجہ مبذول کرنی چاہیے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی محولہ گفتگو کا نچوڑ یہ ہے کہ چین دونوں ملکوں یعنی پاکستان اور بھارت کو قریب لانے کے لئے بعض اقدامات کر رہا ہے بظاہر اس ضمن میں منظر پر کچھ موجود نہیں ہے تاہم ترجمان کے بیان کی روشنی میں یہی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ کسی نہ کسی سطح پر اس حوالے سے پیش رفت ہو رہی ہے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام بلکہ اس خطے کے مفاد میں ہے۔ پاکستان کو اس حقیقت کا اچھی طرح ادراک ہے کہ مسئلہ کشمیر نے خطے کے امن کو یرغمال بنا رکھا ہے لیکن شاید بھارت اس حقیقت سے بے خبر ہے یا وہ دانستہ طور پر حقائق سے پہلوتہی کر رہا ہے چینی وزارت خارجہ کا یہ بیان مبہم ہے کہ دونوں ملکوں کو مذاکرات میں تیزی لانی چاہیے مذاکرات تو شروع ہی نہیں ہوئے تیزی تو بعد کی بات ہے پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر بھارت سے مذاکرات کا خواہاں ہے مگر بھارت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے وہ ان سے انکار کرتا ہے کبھی شرائط عائد کرتا ہے چین اگر دونوں ملکوں کو قریب لانے کے لئے اقدامات کر رہا ہے تو اسے بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے بھی آمادہ کرنا چاہیے پاکستان مذاکرات کو مفید اور بامعانی بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔