Get Adobe Flash player

قوم کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا ہے

جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی گئی ہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شریف فیملی کا طرز زندگی ان کے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا رپورٹ میں وزیراعظم نواز شریف ان کے بیٹوں حسن نواز' حسین نواز اور بیٹی مریم نواز کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق مدعا علیہان تحقیقاتی ٹیم کے سامنے رقوم کی ترسیلات کی وجوہات نہیں بتا سکے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے ردی' عمران نامہ اور دھرنا تھری قرار دیا ہے اور اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال' وزیراعظم کے معاون خصوصی  بیرسٹر ظفر اللہ خان وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی مائنس ون فارمولے پر نہیں چلیں گے سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی کے تضادات  بے نقاب کریں گے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو صرف تیرہ سوالوں کے جواب کا مینڈیٹ  تھا مگر اس نے ٹرائل کورٹ کی حیثیت سے انکوائری کی انہوں نے کہا کہ اس کے پیچھے ایک سیاسی ایجنڈا تھا انہوں نے کہا کہ مخالفین ملک میں سیاسی انتشار پیدا کرکے ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالتوں کا ہمیشہ احترام کیا ہے اور جمہوریت کی جنگ لڑی ہے ہمیں کوئی خوف اور ڈر نہیں ہے جے آئی ٹی کی ویڈیو عوام کے سامنے لائیں گے تاکہ دودھ کا دودھ  اور پانی کا پانی سامنے آجائے' وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کا مقصد صرف شہبات پیدا کرنا ہے۔ دوسری طرف تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں مستعفی ہو جائیں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ شریف فیملی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ ہم سمجھنے سے قاصر ہیں کہ محض جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے پر کیسے وزیراعظم سے استعفےٰ کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے اور اس مطالبے کی کیا قانونی و اخلاقی حیثیت ہے جے آئی ٹی جو افسروں پر مشتمل ایک ٹیم ہے اور اس کی عدالتی حیثیت نہیں ہے اس کی رپورٹ کو کیسے حرف آخر قرار دیا جاسکتا ہے حکومت کا موقف ہے کہ اس کے مندرجات تعصب پر مبنی ہیں اور وہ اسے مسترد کرتی ہے اور اس کو چیلنج کرے گی عدالت عظمیٰ میں دونوں طرف کے وکلاء رپورٹ کے مندرجات پر بحث کریں گے۔ خصوصاً حکومتی وکلاء اس کے ہر ایک حصے پر حقائق اور قانون کی روشنی میں بحث کریں گے عدالت عظمیٰ مذکورہ رپورٹ پر اعتراضات اور اسے چیلنج کرنے والوں کے دلائل سنے گی اور اس کے بعد فیصلہ دے گی اگر عدالت نے نیب میں ریفرنس بھیجنے کی سفارشات کو تسلیم کرتے ہوئے اس کا فیصلہ کیا تو ایک نئی قانونی جنگ چھڑے گی جس کا احتساب عدالت نے فیصلہ کرنا ہے بہرحال یہ ایسا معاملہ نہیں ہے کہ بعض لوگوں کی خواہش کے مطابق سب کچھ فوراً اور ان کی مرضی کے مطابق اس حقیقت کو تسلیم کیا جانا چاہیے کہ ملک غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے قوم کسی قسم کی محاذ آرائی اور انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی ملک کے کونے کھدروں میں اب بھی دہشت گرد اور ان کے سہولت کار موجود ہیں جبکہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے والا  ہمارا دشمن بھی اس ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے جو عزائم رکھتا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اس لئے اس تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا اور ایسے طرز عمل سے گریز کرنا ہوگا جو دشمن کی خواہشات کی تکمیل کرتا ہے۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف سپریم کورٹ کی طرف سے جے آئی ٹی کی تشکیل اس ملک کا منفرد معاملہ ہے یہ بھی تاریخ ساز واقعہ تھا کہ استثنیٰ حاصل کرنے کی بجائے وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوئے اور انہوں نے اس کے سوالوں کے جواب دئیے اب جبکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جاچکی ہے سپریم کورٹ نے ہی اس پر فیصلہ صادر کرنا ہے قوم سپریم کورٹ سے انصاف کا تقاضا کرتی ہے اور اس کا جو بھی فیصلہ ہو سب کے لئے قابل قبول ہونا چاہیے۔