Get Adobe Flash player

September 2016

29 September 2016

برطانیہ کے ہوم سیکرٹری کا وزیر داخلہ کو ٹیلی فون،تعاون پر اتفاق

برطانیہ ہوم سیکریٹری ایمبررڈ  نے وزیرِداخلہ  چوہدری نثار علی خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ وزیرِداخلہ نے اپنی برطانوی ہم منصب کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ برطانوی ہوم سیکرٹری نے کہا کہ سابقہ ہوم سیکریٹری اور موجودہ برطانوی وزیرِاعظم تھریسا مے اور آپ کے درمیان مثالی تعلقات ِکار نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون کی فضا کو مزید مستحکم کر نے میں اہم کردار ادا کیا۔ میں اسی فضائ  کو آگے لے جانا چاہتی ہوں۔ برطانوی ہوم سیکرٹری اور وزیرِداخلہ نے  سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، امیگریشن، نارکوٹکس سمیت مختلف شعبہ جات میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ وزیرداخلہ  نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات اور برطانوی حکومت کی طرف سے پاکستان کے تحفظات کا ادراک دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا باعث ثابت ہوگا۔ انہوں نے برطانوی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

Read more

29 September 2016

بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرسکتا،نواز شریف

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر جبر و تشدد کسی صورت برداشت نہیں کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالنا چاہئے، پاکستانی جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، بدھ کے روز وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالیوں اور طاقت کے بہمانہ استعمال پر شدید اور گیری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس کی بھرپور مذمت کی گئی، شرکاء نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پاکستان کے عوام اور فوج ہر وقت تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، شرکاء نے مسلح افواج کی دفاعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی اور بے پناہ دھمکیوں کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہر کیا، پاکستان نے عالمی امن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، کشمیر میں ظلم و بربریت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عالمی برادری اور پاکستان کی حمایت کے مستحق ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں دونوں ملکوں کی باہمی رضا مندی اور عالمی بینک کی ثالثی میں ہوا کوئی بھی ایک ملک یکطرفہ طور پر اس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا، ڈی جی ملٹری آپریشنز نے اجلاس کے شرکاء کو دفاعی تیاریوں سے متعلق بریفنگ بھی دی، اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ڈی جی ملٹری آپریشنز مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔

Read more

29 September 2016

بھارتی سازش کامیاب،سارک کانفرنس ملتوی،صورتحال انتہائی افسوسناک ہے،پاکستان

 بھارت  کی ہٹ دھرمی اور سازشوں   کے باعث جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم سارک کا  پاکستان میں ہونے والاسربراہی  اجلاس  ملتوی کردیا گیا  ۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت  سمیت چار ممالک کی جانب سے جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم سارک کے پاکستان میں منعقد ہونے والے سربراہ اجلاس میں شرکت سے انکار کے بعد یہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔نیپال کی وزارت خارجہ کے اہلکار جھابندرہ پرساد ایرل نے بدھ کی صبح ایک بیان میں کہا تھا کہ انھیں بھارت ، افغانستان، بنگلہ دیش اور بھوٹان کی جانب سے سارک اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے مطلع کیاگیا ہے۔اس کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک اہلکار نے برطانوی نشریاتی ادارے  کو بتایا کہ اس ضمن میں نیپال نے پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے کہ چار ممالک اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے اور اس صورتحال میں اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اس وقت سارک ممالک کی صدارت نیپال کے پاس ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے اہلکار کے مطابق سارک کے چارٹر کے تحت اگر کوئی رکن ملک اجلاس میں شرکت سے معذرت کرتا ہے تو اس صورت میں اجلاس کا انعقاد نہیں ہو سکتا۔اجلاس کو ملتوی کرنے کے فیصلے سے پہلے نیپال کے وزیراعظم پراچندا کے خارجہ امور کے مشیر رشی راج ادھیکاری نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ان کی حکومت سارک ممالک سے صلاح و مشورہ کر رہی ہے۔بھارت نے سارک کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا جواز سرحد پار سے مبینہ در اندازی اور دوسرے ممالک کی اندرونی معاملات میں دخل اندازی بتایا ہے۔بھارت ، بنگلہ دیش، بھوٹان اور افغانستان کی جانب سے سارک کے اجلاس میں عدم شرکت کی وجہ سے صرف چار رکن ممالک رہ جائیں گے جن میں پاکستان، سری لنکا، نیپال اور مالدیپ شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے جونیئر وزیرِ خارجہ شہریار عالم نے ایک ٹیکسٹ پیغام میں تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک نو اور دس نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔بھارتی خبررساں ادارے  پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کی جانب سے سارک کے موجودہ صدر ملک نیپال کو بھیجے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ' بنگلہ دیش کے داخلی معاملات میں ایک ملک کی بڑھتی ہوئی مداخلت کی وجہ سے ایسا ماحول پیدا ہو چکا ہے جو نومبر میں اسلام آباد میں 19ویں سارک سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے مناسب نہیں۔پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش سمجھتا ہے کہ 'علاقائی تعاون کے لیے فی الوقت ماحول موزوں نہیں ہے اور اسی وجہ سے بنگلہ دیش سربراہ اجلاس میں شرکت سے قاصر ہے۔اس سے قبل منگل کو بھارت کے خارجہ امور کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ 'علاقائی تعاون اور انتہا پسندی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، لہٰذابھارت  اسلام آباد کانفرنس میں شامل نہیں ہو گا۔پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشمیر کے علاقے اوڑی میں انڈین فوج کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد مزید خراب ہو چکے ہیں۔بھارت  نے الزام لگایا ہے کہ حملہ آور سرحد پار سے آئے تھے اور اس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں اس نے شناختی ثبوت بھی پاکستانی حکام کے حوالے کیے ہیں۔اس حملے کے بعدبھارت  کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دینے کے لیے کوشاں ہے۔سارک سربراہی کانفرنس، جنوبی ایشیا کے آٹھ ممالک کے سربراہوں کا اجلاس ہے جو ہر دو سال بعد منعقد ہوتا ہے اور اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات اس کانفرنس کا 19 واں اجلاس ہے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ  سارک کانفرنس میں کسی رکن ملک نے عدم شرکت سے باضابطہ طور پر  آگاہ نہیں کیا۔ ادھر مشیر خارجہ  سرتاج عزیز نے کہاہے کہ یہ پہلی دفعہ نہیں  کہ بھارت نے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کیاہو۔سارک کانفرنس منسوخ ہونے کے حوالے سے سارک سیکرٹریٹ نے باضابطہ آگاہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس بات کاامکان ہے کہ سارک  ملتوی ہوجائے ۔  واضح رہے کہ اس سے پہلے بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیاگیا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کررہے جبکہ نیپا ل اور بھوٹان نے بھی سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

Read more

29 September 2016

پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے،جنرل راحیل شریف

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ نوجوان نسل پاکستان کو بہت آگے لے کر جائے گی' پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں  ہے' ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے' نوجوان نسل کا مستقبل روشن  ہے۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی پبلک سکول کے طلباء کو اکیڈمی ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آرمی پبلک سکول  اینڈ کالج کے طلباء کو اعزازات  سے نوازا۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کوئی شک نہیں نوجوان نسل پاکستان کو بہت آگے لے کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔  آرمی چیف نے کہا کہ آرمی پبلک سکول ملک کے بہترین اداروں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کردار سازی پر توجہ دینی چاہئے یقین ہے کہ نئی نسل ملک کو عروج تک پہنچائے گی۔ ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے نوجوانوںکا مستقبل روشن  ہے۔  تقریب میں  بڑی تعداد میں طلباء کے والدین ' طلبائ' اے پی ایس کے سٹاف نے تقریب میں شرکت کی۔

Read more

29 September 2016

شکست خوردہ عناصر انتشار کی سیاست سے توبہ کرلیں،شہباز شریف

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ،   شکست خوردہ عناصر کوضمنی الیکشن میں شکست کے بعد افراتفری اور انتشار کی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے۔لاہورسے جاری بیان میں وزیر اعلٰی شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انتھک کام کیا ہے۔ محنت، دیانت، امانت اور شفافیت کی گواہی ہمارے منصوبے اور عوام دے رہے ہیں جہاں قومی وسائل کی پائی پائی فلاح عامہ کیلئے امانت سمجھ کر خرچ کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن کے شکست کے بعد منفی سیاست کی کوئی گنجائش ہے۔ شکست خوردہ عناصر کا ایجنڈا تیز رفتار ترقی کو روکنے کے علاوہ کچھ نہیں۔  عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی جب کہ شکست خوردہ عناصر کا ایجنڈا تیز رفتار ترقی کو روکنا ہے۔  وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے فلاح و بہبود کے لیے محنت سے کام کیا ہے لہذا عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔

Read more

29 September 2016

پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی بنک سے رابطہ

پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر عالمی بینک سے رابطہ کرلیا ہے۔اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف علی نے واشنگٹن میں عالمی بینک کے حکام سے ملاقات کی اور انہیں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو ختم کر کے پاکستان کا پانی بند کرنے کے حوالے سے کی جانے والی مذموم کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ پاکستانی حکام نے عالمی بینک سے 1960 میں بھارت کے ساتھ طے پانے والے سندھ طاس معاہدے کے آرٹیکل 9 کے تحت مداخلت کر کے معاملے کو حل کرنے کی درخواست بھی کی۔دوسری جانب دو روز قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اڑی حملے کی آڑ میں بھارت کے مکروہ عزائم کا اظہارکرتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں پاکستان کو ملنے والے 3 دریاؤں کا پانی روکنے پر غور کیا گیا جس کے جواب میں پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ایسی کوئی بھی کوشش اعلان جنگ تصور کی جائے گی۔واضح رہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960 میں پاکستان کے صدر ایوب خان اور بھارت کے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے درمیان طے پایا تھا جس کے تحت 6 دریاؤں میں سے 3 دریا جس میں سندھ، جہلم اورچناب شامل ہیں اس پر پاکستان کا حق جب کہ ستلج، بیاس اور راوی پر بھارت کا حق تسلیم کیا گیا۔

Read more

29 September 2016

پاکستان ،بھارت بیان بازی بند ،تنائو ختم کریں،امریکا

امریکہ نے ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کا خاتمہ اور تعلقات معمول پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی بند ہونی چاہیے۔تناؤکا خاتمہ دونوں ملکوں اور خطے کے مفاد میں ہے۔ واشنگٹن میں صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے   امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان  مارک ٹونر نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کا خاتمہ چاہتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ جملوں کا تبادلہ بند ہونا چاہیے اسی میں دونوں ملکوں اور خطے کی بھلائی ہے۔مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ملک میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں رفت کی ہے تاہم اسلام آباد کو ان دہشت گردوں کے خلاف بھی موثر کارروائی کرنی چاہیئے جو دوسرے ممالک پر حملے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  خطے میں کشیدگی کے خاتمے کاعملی مظاہرہ دیکھنا چاہتے ہیں

Read more

انوسٹی گیشن افسران مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کرتے ہوئے لوگوں کو انصاف دلوائیں،آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد پولیس انوسٹی گیشن ونگ کے ہومی سائیڈ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا جو سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے ماتحت کام کرے گا۔سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کی چھ ٹیموں کوتین ماہ میں بہترین کارکردگی پر انعامات سے نواز ا گیا۔انوسٹی گیشن افسران مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کرتے ہوئے لوگوں کو انصاف دلوائیں اور بے گناہوں کو کسی بھی صورت مقدمات میں ملوث نہ کریں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طارق مسعود یٰسین کا دربار سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد طارق مسعود یٰسین نے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں اسلام آبادپولیس انوسٹی گیشن ونگ کے دربار سے خطاب کیا ۔ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد الیاس نے آئی جی اسلام آباد کو انوسٹی گیشن ونگ کی تین ماہ کی کارکردگی پیش کی جس میں سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ اے سی ایل سی کے لیاقت علی سب انسپکٹر نے گزشتہ تین ماہ کے دوران17 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 15 گاڑیاں ،02 موٹر سائیکل اور اسلحہ و ایمونیشن برآمد کیااسی طرح منظور الہی اے ایس آئی نے اسی عرصہ کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 10 گاڑیاں،دو موٹر سائیکل اور اسلحہ ایمونیشن برآمد کیا ۔اس کے علاوہ سی آئی اے،اے سی ایل سی اور اور انوسٹی گیشن یونٹ نے کل 35 گینگز کے 73 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے گاڑیاں،موٹر سائیکل،کروڑوں روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا۔ سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کی اس بہترین کارکردگی پر آئی جی اسلام آباد نے چھ ٹیموں کو نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے انوسٹی گیشن ونگ کے ہومی سائیڈ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا جو کہ پانچ ٹیموں پر مشتمل ہو گا۔یہ یونٹ سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے ماتحت کام کرے گااور ایس پی انوسٹی گیشن ان ٹیموں کے انچارج ہوں گے اور ان کو ٹریننگ بھی دیں گے۔اس ونگ کو پانچ گاڑیاں مہیا کی گئیں ہیں اوریہ یونٹ قتل کے مقدمات کی تفتیش کرے گا۔ہر ٹیم ایک انسپکٹر ،ایک سب انسپکٹر ،ایک اے ایس آئی اور تین کنسٹیبل پر مشتمل ہو گی ۔ آئی جی اسلام آباد نے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں انوسٹی گیشن ونگ جرائم کے تدارک میں بہترین رول ادا کر رہا ہے جس کے لئے یہ سب مبارک باد کے مستحق ہیں ۔انہوں نے ایس پی انوسٹی گیشن کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہومی سائیڈ یونٹ کو ٹریننگ دیں اور اس میں شامل تمام افسران و جوان خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ قتل کے مقدمات کی تفتیش کرے گا اور تمام افسران مقتول کے لواحقین کو انصاف دلائیں اور مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کریں اور کسی بھی صورت بے گناہ کو سزا نہ دلوائیں ۔انہوں نے کہا محکمہ کی طرف سے انوسٹی گیشن ونگ کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔تمام افسران اپنے پیشے اور وردی سے محبت کریں اور اپنی ڈیوٹی عبادت سمجھ کر کریں اور لوگوں بالخصوص مظلوم لوگوں کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

Read more

پاکستان کو جس نظام کی ضرورت تھی وہ یہاں نافذ ہی نہیں کیاگیا،عبداللہ گل

 چئیرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل نے کہا ہے کہ ملک کو جس نظام کی ضرورت تھی وہ یہاں کبھی نافذ ہی نہیں کیا گیا۔ لوگ یا تو غلام ہیں یا پھر غلاموں کے بھی غلام ہیں۔ تعلیم کے ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے جسے ہم نے بلکل ہی فراموش کر دیا ہے ہمیں ایک ایسی سرزمین کی ضرورت تھی جہاں ہم اسلامی نظام کو پریکٹس کر سکیں لیکن بدقسمتی سے آج تک ہم نے اس پر عمل نہیں کیا ۔ملک کو وہ خون دیا گیا جس کی اس کو ضرورت نہ تھی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پیارا پاکستان ویلفئیر سوسائٹی رجسٹرڈ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جن میں نو عمر مصنف و چیف آرگنائزر عبد القادر عباسی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل شہریار انوار نے پیارا پاکستان گروپ کے وفد کی قیادت کی۔ نوجوانوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عبد اللہ گل نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ۔ہمارے ہاں اس اثاثے کو ضائع کیا جا رہا ہے۔تعلیم درحقیقت اخلاقی تربیت کے بغیر ممکن نہیں لیکن ہم نے اسے کتابیں رٹوانے کا عمل بنا دیا ہے ۔ایک مسلمان میں مردمومن والی صفات ہونی چاہیں۔ملک کے حالیہ نظام وحالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اس لیے کہ ہم نے چھوٹا چور اور بڑا چور کی تفریق پیدا کر دی جبکہ چور چور ہوتا ہے۔اوپر سے ملک میں کچھ ایسے بچے بھی ہیں جو تیرہ برس کی عمر میں سترہ ارب کے فلیٹ خرید لیتے ہیں۔ایسے لوگوں کی دماغی صلاحیتوں کو جنیٹکس کی مدد سے ساری عوام میں منتقل کرنا چاہیے۔ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہرگز توسیع نہیں لینی چاہیے۔ہاںالبتہ عوام کی امیدیں ان سے وابستہ ہیں۔ ایک بہترین ادارہ عوام کے حوالے کر کے جائیں۔کوئی بھی مقدس گائے نہیں لیکن اگر پورے ملک میں کوئی منظم ادارہ ہے تو وہ پاک فوج ہے۔ سی پیک سمیت دوسرے کئی منصوبے فوج کی وجہ سے ہیں۔کشمیر کے ایشو پر انہوں نے کہا کے یہ ایک اہم موڑ ہے۔ حکومتی ٢٢ رکنی وفد سے کوئی امید نہیں۔ چیف آرگنائزرپیارا پاکستان عبد القادر عباسی نے چئیرمین تحریک جوانان پاکستان عبدا للہ گل کو پیارا پاکستان ویلفئیر سوسائٹی رجسٹرڈ و ذیلی اداروںپیارا پاکستان کے فلاحی کاموں کے متعلق آگاہی دی ۔ اور ساتھ ہی پیارا پاکستان کے مرکزی آفس و ووکیشنل سنٹرز کے دورے کی دوعوت بھی دی۔اور صدر پیارا پاکستان ساجد کمبوہ کے پیغام کو بھی پڑھ کر سنایا عبد اللہ گل نے پیارا پاکستان گروپ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ساجد کمبوہ جیسے نوجوان سب کے لئے مشعل راہ ہیں ۔

Read more

اسلام آباد' پولیس ، رینجرزکا تھانہ کھنہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن'15مشتبہ افراد گرفتار

وفاقی دارا لحکومت میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے اسلام آباد پولیس ، رینجرز اور حسا س اداروںٍ کے افسران و جو انو ں کا تھا نہ کورال اورتھا نہ کھنہ کے علا قوں کو رال ، غوری ٹائو ن ،کھنہ ڈاک ، سوہا ن ، ضیا مسجد ، شکریا ل اور گر دونو اح میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران15مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا، اسلحہ معہ ایمو نیشن بر آمد ، مشتبہ افراد کو متعلقہ تھانو ں میں منتقل کر کے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے ، تفصیلات کے مطابق تھانہ کو رال اور تھا نہ کھنہ کے علاقوں میں پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں نے کو رال ، غوری ٹائو ن ،کھنہ ڈاک ، سوہا ن ، ضیا مسجد ، شکریا ل اور گر دونو اح میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، سرچ آپریشن کے دوران15مشتبہ افراد کو حر است میں لے کر تھا نوںمیں منتقل کیا گیا ہے جہاں سے ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ، اسلحہ معہ ایمو نیشن بھی قبضہ پولیس میں لیا گیا ،ایس ایس پی آ پر یشز اسلام آ باد ساجد کیا نی نے کہا کہ اس سر چ آ پر یشن کا مقصد اسلام آبا دمیں سکیورٹی کو فول پروف بنانا اور اسلام آباد کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی شرپسند اپنے مذموم مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔ انہو ں نے تمام ایس ایچ اوز کو ہد ا یت کی ہے کہ وہ سر چ آ پر یشن کوجا ری رکھیں چیکنگ کو مو ثر بنا ئیں اور اپنے علا قوں میں پٹر ولنگ کو مزید سخت کر یں ۔ انہوں نے تمام شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں کہیں بھی کوئی مشکوک سرگرمی یا کوئی مشکوک شخص دیکھیں تو فوراً اسلام آباد پولیس کو اطلاع دیں۔ انہو ں نے مزید کہا کہ شہریو ں کے تعاون کے بغیر شہر کی سکیورٹی کو بہتر بنانا ممکن نہیں ۔    

Read more

گزشتہ شمارے

<< < September 2016 > >>
Sun Mon Tue Wed Thu Fri Sat
        1 2 3
4 5 6 7 8 9 10
11 12 13 14 15 16
18 19 20 21 22 23 24
25 26 27 28 29 30