Get Adobe Flash player

August 2017

31 August 2017

روس نے پاکستان کو4گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کردیئے

روس نے پاکستان کو چار ایم آئی35گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کر دیئے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر فوجی تعاون کی راہ ہموار ہوگئی۔پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے مطابق روس نے معاہدے کے تحت پاکستان کو چار ایم آئی 35 گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کر دیئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا یہ معاہدہ رواں برس ماسکو میں ہونے والے انٹرنیشنل ملٹری ٹیکنیکل فورم میں طے پایا تھا جس پر جون 2016 میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ ماسکو کے دوران اتفاق رائے ہوا تھا۔پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے بریگیڈیر جنرل وحید ممتاز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج روس سے مزید اسلحہ خریدنے کے لیے تیار ہے۔واضح رہے کہ تین سال قبل روس نے پاکستان کو اسلحے کی فروخت پر عائد پابندی ختم کی تھی جو سوویت افغان جنگ دور سے نافذ تھی۔روسی دفاعی ٹیکنالوجی میں پاکستان کی دلچسپی رواں سال کے شروع میں اس وقت زیادہ واضح ہوگئی تھی جب یہ خبر سامنے آئی کہ پاکستان حکومت روسی ایس 400 میزائل دفاعی نظام خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔


Read more

کراچی میں بارش کا پانی خود ہی نکل جائیگا، وزیر بلدیات کی انوکھی منطق

شہرقائد میں کئی کئی فٹ بارش کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے شہری بے حال ہیں جبکہ وزیر بلدیات جام خان شورو کا کہنا ہے کہ پانی خود ہی نکل جائے گا۔کراچی میں شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر حکومت سندھ کے وزرا کو بھی ہوش آیا اور وزیراطلاعات ناصر شاہ، وزیرِ بلدیات جام خان شورو، ایم ڈی واٹر بورڈ کے ہمراہ شہر کے دورے پر نکل کھڑے ہوئے۔وزیر بلدیات جام خان شورو نے کراچی میں شدید بارش کے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ بارش رکنے کا انتظار کریں دو چار گھنٹوں میں پانی خود ہی نکل جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ کوشش ہے کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام شروع کیا جائے، دو روز سے مسلسل بارش ہورہی ہے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے جو بارش رکنے کے بعد کشش ثقل سے نالوں کے ذریعے تھوڑی دیر میں خود ہی نکل جائے گا۔




Read more

امریکی اتحاد شام میں داعش کے قافلے کو نشانہ بنا سکتا ہے،ترجمان

امریکا کی قیادت میں اتحاد نے کہا ہے کہ وہ شام میں لبنان کے سرحدی علاقے سے مشرق کی جانب آنے والے داعش کے قافلے کی نگرانی کررہا ہے اور حزب اللہ سے متنازع سمجھوتے کے تحت اس طرح منتقل کیے جانے والے داعش کے جنگجوں کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔داعش مخالف اتحاد کے ترجمان کرنل ریان ڈیلن نے امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی طیاروں نے لبنان کے سرحدی علاقے سے بے دخل ہو کر آنے والے داعش کے جنگجوں کو عراق کے نزدیک سرحدی علاقے کی طرف جانے سے روکنے کے لیے پہلے ایک پل اور پھر شاہراہ کو نشانہ بنایا ہے اور ان میں گڑھے بنا دیے ہیں۔انھوں نے کہا کہ  ان کی نقل وحرکت کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جارہی ہے اور اتحاد اس طرح آنے والے داعش کے جنگجوں پر حملوں کے امکان کو رد نہیں کرے گا۔حزب اللہ اور داعش کے درمیان اتوار کو طے شدہ جنگ بندی کی ڈیل کے تحت لبنان اور شام کے سرحدی علاقے سے داعش کے جنگجوں اور ان کے خاندانوں کو شام اور عراق کے درمیان سرحدی علاقے کی جانب جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انھیں شامی فوج اور حزب اللہ کے جنگجوں کی نگرانی میں سوموار اور منگل کے روز بسوں کے ذریعے جرود عرسال کے علاقے سے شام کے مشرقی شہر دیر الزور کی جانب روانہ کیا گیا تھا۔شامی حزب اختلاف کے کارکنان کا کہنا ہے کہ داعش کا جو قافلہ منگل کو لبنان اور شام کے سرحدی علاقے سے روانہ ہوا تھا ،وہ دوسرے روز ابھی تک مشرقی شام میں اسد حکومت کے عمل داری والے علاقے ہی میں ہے۔کرنل ڈیلن کا کہنا تھا کہ ہم لبنانی حزب اللہ اور داعش یا اسد حکومت کے درمیان کسی سمجھوتے میں فریق نہیں ہیں۔اس لیے داعش پر کوئی بھی حملہ مسلح تنازع کے قانون کے مطابق کیا جائے گا اور اگر ہم شہریوں اور جنگجوں کے درمیان کوئی فرق کرسکے تو پھر یہ حملہ کریں گے۔ترجمان سے قبل داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی بریٹ میکگرک نے بھی اس سمجھوتے کی مخالفت کی ہے۔انھوں نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ دہشت گردوں کو تو میدان جنگ میں ہلاک کیا جانا چاہیے، نہ کہ انھیں بسوں میں سوار کرکے اور پورے شام میں پھر ا کر عراق کی سرحد پر منتقل کردیا جائیاور اس میں عراق کی رضا مند بھی شامل نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ داعش کے ان جنگجوں کے عراق میں داخلے کو روکنے کے لیے ہرممکن اقدام کیا جائے گا۔عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کے علاوہ دوسرے عہدے داروں نے بھی حزب اللہ کے داعش کے ساتھ انخلا کے اس سمجھوتے کو مسترد کردیا ہے۔حزب اللہ پر یہ الزام عاید کیا جارہا ہے کہ اس نے لبنانی فوج کی قیمت پر داعش سے ایسا سمجھوتا کیا ہے۔شامی فوج نے بھی حزب اللہ کے داعش کے ساتھ اس طرح کے الگ سے سمجھوتے کی حمایت کی ہے۔واضح رہے کہ حزب اللہ پہلے داعش اور القاعدہ سے وابستہ تنظیم النصرہ محاذ کے ساتھ جنگ بندی کے سمجھوتوں کی شدت سے مخالفت کرتی رہی ہے لیکن اب اس نے خو د ہی ان سخت گیر سنی جنگجو گروپوں سے ایسے سمجھوتے کیے ہیں اور انھیں خاندانوں سمیت دیر الزور میں منتقل ہونے کے لیے محفوظ راستہ بھی دے رہی ہے۔

Read more

منموہن سنگھ نے گرمیت سنگھ کو سلاخوں کے پیچھے بھیجا،سابق ڈی آئی جی سی بی آئی کا انکشاف

بھارتی تحقیقاتی ادارے ''سی بی آئی'' کے ریٹائرڈ ڈی آئی جی ایم نرائنن نے  انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم  منموہن سنگھ نے گرمیت سنگھ کو سلاخوں کے پیچھے بھیجا۔ڈیرہ سچا سوداکے گرمیت کیخلاف تحقیقات کا حکم سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے دیا تھا حالانکہ کئی ارکان پارلیمنٹ نے تحقیقات روکنے کیلئے دبائو ڈالا تھا۔عدالت نے اسے زیادتی کے الزام میں مجرم قراردیا جس کے بعد مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے20سال قید کی سزاسنائی اور 30لاکھ 20ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔ اس کیس کی تحقیقات میں شامل سی بی آئی کے ریٹائرڈ ڈی آئی جی ایم نرائنن نے حیرت انگیز انکشاف کیا ہے۔ نرائنن کا کہنا ہے کہ اسوقت گرمیت کے خلاف تحقیقات نہ کرنے کی بابت کچھ ممبران پارلیمنٹ نے منموہن سنگھ پر دباو ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ سیاسی دباو کے باوجود منموہن سنگھ سی بی آئی کے ساتھ کھڑے رہے اور انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کو پوری آزادی سے چھان بین اور تحقیقات جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔ سی بی آئی نے کسی بھی طرح کے دباو سے بالا ہوکرمنصفانہ تحقیقات شروع کی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج گرمیت سلاخوں کے پیچھے ہے۔


Read more

قطری عازمین حج کی تعداد گذشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے، امیر مکہ

مکہ مکرمہ کے گورنر اور سعودی عرب کی مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ اس سال بیرون ملک سے حج کے لیے آنے والے عازمین کی تعداد 1,752,014 رہی ہے اور یہ گذشتہ سال کے مقابلے میں 426,263 زیادہ ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شہزادہ خالد نے بتایا ہے کہ اس مرتبہ قطر سے حج کے لیے آنے والے 1,564 افراد کو رجسٹر کیا گیا ہے اور ان کی تعداد بھی قطر کی جانب سے پابندی کے باوجود گذشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔گذشتہ سال 1210 قطریوں نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔انھوں نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ 365,000 حجاج کرام کو المشاعر ٹرین کے ذریعے مکہ سے دوسرے مقدس مقامات تک منتقل کیا جا رہا ہے۔امیر مکہ نے حج کے پہلے روز مناسک کی کامیابی سے تکمیل پر سعودی قیادت اور حج کے تمام شرکا کو مبارک باد دی ہے۔

Read more

ترک قوم طاقتور نہیں بلکہ ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیتی ہے، صدر طیب ایردوان

ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ہم نے دہشت گرد تنظیموں کو آلہ کار بناتے ہوئے کھیلے جانے والے کھیلوں کا  مشاہدہ کیا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق طیب اردگان نے  صدارتی کمپلیکس  میں منعقدہ یوم ظفر  کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی پیش رفت کے  حوالے سے تمام تر متبادل  ہر لمحہ ہمارے سامنے ہیں۔ ہم دہشت گرد تنظیموں کو مہرہ بناتے ہوئے خطے میں چلی جانے والی چالوں کے اصل  چہرے کو دیکھ سک رہے ہیں اور جبری   پالیسیوں کو  رد کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ  ترکی کو   دہشت گرد تنظیموں  کے ذریعے مشکلات سے دو چار کرنے  کے خواہاں حلقے  کچھ مدت بعد اپنے  ہاتھوں میں  پن نکلے ہوئے  بموں کے ساتھ تنہا  رہ جائیں گے۔داعش۔۔ ہدف داعش ہے۔ اسوقت  ہمارے اتحادیوں کا اسلحہ داعش کے پاس سے برآمد ہو رہا ہے۔ یہ کس قسم کا اتحاد ہے؟   یہ نیٹو میں کس طرح کا ساتھ ہے،  بومے  رینگ کی طرح  یہ اسلحہ انہی کے سر پر آن پڑے گا۔ آخری بار 15 جولائی کو گلی کوچوں میں نکلنے والے لاکھوں  ہم وطنوں کے  ساتھ ہم نے  اس حقیقت کو ایک بار دیکھنے  کا موقع حاصل کیا  ہے، کہنے والے صدر اردگان  نے  بتایا کہ دہشت گرد  تنظیمیں  اور ان کو ہم پر مسلط کرنے والے  طاقتیں اپنے  گھنانے اور مذموم   اہداف کو ہر گز حاصل نہیں کر سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ غازی مصطفی کمال اتاترک کا قول ہے کہ'آزادی وخود مختاری ہماری قوم کے کردار میں رچا بسا ہے'،    انہوں نے  ہمارے ملک پر قبضہ کرنے والوں  کے لیے نعرہ بلند کیا تھا'آزادی یا موت' جو کہ  آزادانہ زندگی بسر کرنے پر مبنی  ہماریمزاج کا آئینہ دار ہے۔ترک صدر نے کہاکہ ہمارے سامنے کھڑی  تاریک طاقتوں کے اصول و اخلاق سے مبرا   حملوں  کے  مقابل ، ہم  اپنے ماضی و تہذیب سے ورثے میں ملنے والی  اقدار   سے کسی قسم کی رعایت دیے بغیر  اپنے سفر پر رواں دواں ہیں، ہم ان جیسے نہیں  بن سکتے،  ہم اپنے ضمیر ، انصاف کے جذبات اور حقانیت کے پیمانے  کو ایک طرف پھینکتے ہوئے محض اپنے ذاتی مفادات کی خاطر  راستے میں آنے والی  ہر چیز کو کچلتے ہوئے حرکت نہیں کر سکتے۔ اس بنا پر  ہم شام، عراق، بلقان، قفقاز اور شمالی افریقہ کے  بھائیوں  سے بغل  گیر ہونے کی طرح آراکان  کے مظلومین کو بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔  کیونکہ  ہم دنیا  میں ہونے والی برائیوں  کو ممکنہ حد تک اپنے بازوں کے  بل بوتے ختم کرنے، اگر اس میں ہماری طاقت ساتھ نہ دے تو زبان کے  ذریعے اظہار کرتے ہوئے  اور اگر یہ بھی نا ممکن ہو تو  دلی طور پر اسے برا بھلا کہنے پر مجبور  ہیں۔ ہمارے آبا اجداد کے تاریخ کے ہر موڑ پر طاقتور کے بجائے مظلوم کا ساتھ دینے  کی  لاتعداد مثالیں اور حقائق موجود ہونے  کی طرف  اشارہ کرنے والے جناب ایردوان نے  واضح کیا کہ  ترک قوم کی طاقت  اور اس کی ساکھ، اپنے ہمراہ تمام تر  بھائیوں اور دوستوں کے لیے بھی جدوجہد  کرنے   کا  مرہونِ منت ہے۔صدر ِ ترکی نے بالخصوص شام اورعراق میں  ترک ملت اور خطے کے بھائیوں کے مستقبل   سے تعلق رکھنے والے کسی بھی معاملے پر پیچھے قدم نہ ہٹانے پر بھی زور دیا۔خطے کی پیش رفت کے حوالے سے تمام تر متبادل   ہر لمحہ ہماری میز پر ہوتے ہیں،  نہ صرف دفاعی صنعت کے میدان میں بلکہ اقتصادی  طور پر بھی  ہمیں پیچھے  دھکیلنے کی سلاخوں کو توڑتے ہوئے آگے بڑھنے  کا ذکر کرنے والے اردگان نے  اس جانب اشارہ دیا کہ حالیہ 4 برسوں میں اوپر تلے  مسلط کردہ حربوں ، چالوں اور  رکاوٹوں کے باوجود ترک معیشت نئے سرے سے  بلندیوں کی  جانب پیش  رفت کر رہی ہے۔


Read more

پاک فوج نے 6ستمبر یوم دفاع کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی

پاک فوج کی طرف سے 6ستمبر یوم دفاع کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، چیف آف آرمی سٹاف جنرل  قمر جاوید باجوہ یوم دفاع کی تقریب کے میزبان ہوں گے، آرمی چیف کی طرف سے مہمانان کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں،6ستمبر یوم دفاع کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں  شام 6بجکر35منٹ پر تقریب کا آغاز ہو گا،اعلیٰ عسکری قیادت یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے گی،دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ چیف آف آرمی سٹاف کا خصوصی خطاب ہو گا، دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا،قومی و ملی نغمے پیش کئے جائیں گے اور دفاع وطن کے حوالے سے خصوصی دھنیں بجائی جائیں گی۔تقریب میں مدعوئین کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ساتھ لانا ضروری ہو گا۔ گاڑیوں کیلئے خصوصی اسٹیکرز جاری کئے گئے ہیں اور نشستوں کے حوالے سے بھی خصوصی پلان جاری کیا گیا ہے، اس حوالے سے متعلقہ فوجی افسران رہنمائی کریں گے، موبائل فون اور ویڈیو کیمرے لانا ممنوع قرار دیا گیا ہے، اسی طرح لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، سی ڈی، ڈی وی ڈی اور دیگر آلات لانے سے بھی منع کیا گیا ہے، شہداء کی فیملیز بھی تقریب میں شریک ہوں گی۔

Read more

کراچی میں موسلا دھار بارش،انتظامیہ کی پاک فوج سے مدد کی اپیل

کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث انتظامیہ نے پاک فوج سے مدد کی اپیل کر دی،آرمی چیف نے  شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد انتظامیہ نے پاک فوج سے  مدد کی اپیل کر دی جس کے بعد  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے،پاک فوج نے انتظامیہ کو پانی نکالنے والے پمپس فراہم کردیئے۔

Read more

سب سے عجیب و غریب جانور

ہمیں حیران کرنے کے لیے قدرت نے جا بجا عجیب و غریب نظارے بکھیرے ہوئے ہیں اور اگر ان کی تفصیلی فہرست مرتب کی جائے تو شاید سینکڑوں انسائیکلوپیڈیا بھی ناکافی رہیں گے۔پھر بھی ہم نے کچھ ایسے جانور تلاش کیے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ حیرت سے دانتوں تلے انگلیاں دبانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ملاحظہ کیجیے:
بظاہر لمبی لمبی انگلیوں اور بڑی بڑی آنکھوں والا یہ جانور شاید دنیا کا سب سے چھوٹا بندر ہے جو جنوب مشرقی ایشیا میں پایا جاتا ہے۔ اس کی جسامت صرف 3 سے 6 انچ ہوتی ہے لیکن یہ صرف جنگلات ہی میں رہنے کا عادی ہے یعنی اسے پالا نہیں جاسکتا۔
پگمی مارموسیٹ
یہ بھی بندر ہی ہیں لیکن جنوبی امریکا میں پائے جاتے ہیں۔ ان کی جسامت بھی 6 انچ سے زیادہ نہیں ہوتی اور ٹریزیئر کی طرح یہ بھی جنگلوں میں درختوں پر رہنے کے عادی ہوتے ہیں۔
سفید شیر
تصویر میں نظر آنے والا شیر اگرچہ عجوبہ لگتا ہے لیکن دراصل یہ ایک ایسی بیماری کا شکار ہے جس کے نتیجے میں جسم پر کوئی رنگ نہیں رہتا اور وہ سفید دکھائی دیتا ہے۔ جنوبی افریقا کے جنگلات میں پایا جانے والا یہ شیر اگرچہ دوسرے شیروں سے مختلف ہے لیکن اسے بہت خوبصورت قرار دیا جاتا ہے۔
سب سے رنگین کرے فش
دھوکا نہ کھائیے کیونکہ یہ نہ تو کوئی کیکڑا ہے اور نہ ہی جھینگا یا شرمپ، بلکہ یہ ایک قسم کی کرے فش ہے جسے شیراکس پلچر کہا جاتا ہے۔ اس کا رنگ برنگا خول اسے دیگر سمندری جانوروں کے مقابلے میں منفرد، پرکشش اور خوبصورت بناتا ہے۔ افسوس کہ اب اس مچھلی کی تعداد بہت کم رہ گئی ہے۔
مکڑی نما کیکڑا
اس کی لمبی لمبی ٹانگیں دیکھ کر خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ مکڑی کی طرح دکھائی دینے والا یہ کیکڑا حقیقت میں بہت ہی بے ضرر ہے۔ البتہ اس کی جسامت بہت بڑی ہوتی ہے اور وزن 40 پانڈ تک ہوسکتا ہے۔ اس مکڑی نما کیکڑے کی اگلی ٹانگ 10 فٹ تک لمبی ہوتی ہے اور یہ 100 سال تک زندہ رہ سکتا ہے۔ کھانے میں اسے نرم جسم والے سمندری جانور مولسک بہت پسند ہیں جبکہ یہ جاپانی سمندروں میں پایا جاتا ہے۔
اے اے
ہم کسی کو مخاطب نہیں کر رہے لیکن لیمر کی نسل سے تعلق کرنے والے اس جانور کا نام ہی اے اے ہے جو مڈغاسکر میں پایا جاتا ہے۔ اگر آپ کو کارٹون فلم مڈغاسکر یاد ہو تو اس میں جولیئن نامی ایک مسخرہ نما جانور بھی دراصل ایک اے اے ہے۔ اس کی دم کی لمبائی 2 فٹ سے کچھ لمبی ہوتی ہے جبکہ اس کا اپنا قد تقریبا ساڑھے تین (3.5) فٹ تک ہوسکتا ہے۔




Read more

وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی ملاقات

وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ملاقات کی۔لاہور میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی صورتحال، سیاسی امور اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کی عزت اور توقیر عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں چیلنجز کا مقابلہ بہادری سے کرتی ہیں اور موجودہ چیلنجز پاکستانی قوم کے لیے نئے مواقع لے کر سامنے آئے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ملک کوترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لیے جذبے، محنت اور ہمت سے کام کرنا ہوگا، پاکستان کے عوام اپنی قسمت آپ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں جیسی کوئی مثال موجودنہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔




Read more

گزشتہ شمارے

<< < August 2017 > >>
Sun Mon Tue Wed Thu Fri Sat
    1 2 3 4 5
6 7 8 9 10 11 12
13 14 15 16 17 18 19
20 21 23 24 25 26
27 28 29 30 31