Get Adobe Flash player

August 2017

31 August 2017

ایل او سی پر شہری کی شہادت: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی

پاکستان نے ایل او سی پر فائرنگ سے شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔29اگست کو لائن آف کنٹرول کے ٹیراہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 55 سالہ شہری شہید ہوا۔دفتر خارجہ کے مطابق آج بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں اور شہری کی شہادت پر احتجاج کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی ساتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے پاکستان کا احتجاجی مراسلہ ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

Read more

بے نظیر بھٹو قتل کیس، پرویز مشرف اشتہاری قرار

بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے میں انسداد دہشت گردی راولپنڈی نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دے کر ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم جاری کردیا۔عدالت کے فیصلے میں پانچ گرفتار ملزمان کو بری کردیا گیا جبکہ سابق سی پی او سعود عزیز کو مجموعی طور پر 17 سال اور سابق ایس پی خرم شہزاد کو مجموعی طور پر 17 سال کی سزا سنائی گئی۔
فیصلے کے اہم نکات
    رفاقت ، حسنین ، رشید احمد ، شیر زمان اور اعتزاز شاہ کو بری کرنے کا حکم
    سابق ایس پی خرم شہزاد کو مجموعی طور 17 سال کی سزا کا حکم
    سابق سی پی او سعود عزیز کو مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا
    سابق ایس پی خرم شہزاد کو مجموعی طور 17 سال کی سزا کا حکم
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ روز بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کے دوران وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اڈیالہ جیل میں کیس کا فیصلہ سنائیں گے جب کہ عدالت نے 10 سال بعد سماعت مکمل کی۔ فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر ملزم کے خلاف مضبوط اور ٹھوس شہادتیں ہیں جب کہ سابق سی سی پی او سعود عزیز سہولت کار ہیں جنہوں نے بے نظیر بھٹو کو سیکیورٹی نہیں دی۔بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ ،چوہدری اظہر کے مطابق سابق وزیراعظم کے مقدمہ قتل کے 121 گواہان تھے جن میں سے صرف 68 کے بیانات ریکارڈ کئے گئے جب کہ بے نظیر بھٹو کے ڈرائیور عبدالرحمان کے علاوہ سب سے تفتیش کی گئی۔پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہا کہ بے نظیر کے قافلے میں بیک اپ گاڑی میں بابر اعوان اور دیگر لوگ تھے جب کہ بیک اپ گاڑی فرحت اللہ بابر کے کنٹرول میں تھی۔



Read more

دعا ہے اللہ تعالی مسجد اقصیٰ مسلمانوں کو لوٹا دے، خطبہ حج

سعودی عالم دین شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ اللہ کے راستے پر گامزن رہنے میں ہی راہ نجات ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالی مسجد اقصی مسلمانوں کو لوٹا دے۔دنیا بھر سے آئے بیس لاکھ سے زائد عازمین حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کے لئے میدان عرفات میں جمع ہوئے۔ مسجد نمرہ میں شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری نے خطبہ حج میں کہا کہ مسلمان پر لازم ہے کہ ان حدود کی حفاظت کرے جو اللہ نے اس کیلیے کھینچ دیں، ہم پر لازم ہے شریعت کے احکامات پرپوری طرح عمل پیراہوں، اسلام نے برائی اور فحاشی کو حرام قرار دیا ہے، کسی عربی کو عجمی، کسی عجمی کو عربی پر فوقیت حاصل نہیں، اسلام امن کا درس دیتا ہے، دعا ہے اللہ مسجد اقصی مسلمانوں کو لوٹادے، اللہ نے مسلمانوں پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں اور نماز دین کا ستون ہے۔شیخ ڈاکٹر سعد بن ناصر الشتری نے خطبے میں کہا کہ زیادتی مسلمان کے ساتھ ہو یا غیر مسلم کے ساتھ اسلام میں منع ہے، شریعت اسلامیہ نے والدین کی خدمت کا درس دیا، اللہ نے وعدہ کیا ایمان لانیاورنیک عمل کرنیوالوں کوزمین پرطاقت عطا ہوگی،  اسلام نے ہر قسم کے غبن اور سود کو بھی حرام قرار دیا، شریعت اسلامیہ کی خوبصورتی ہے کہ زمین پر زندگی کو منظم کیا، شریعت نے مالی اور معاشی نظام کو بھی منظم کیا، مسلمان پر لازم ہے کہ ان حدود کی حفاظت کرے جو اللہ نے اس کیلئے کھینچ دیں۔




Read more

ممبئی میں شدید بارش کے باعث عمارت گرنے سے 10افراد ہلاک

بھارتی شہر میں شدید بارش کی وجہ سے 117 سالہ قدیم عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے بھنڈی بازار میں شدید بارش کے باعث 5 منزلہ حسینی بلڈنگ منہدم ہونے سے 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ عمارت کے مکینوں کا تعلق بوہری برادری سے ہے۔ امدادی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 25 افراد کو نکال لیا ہے جب کہ 20 سے زائد افراد بدستور ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ علاقہ گنجان آباد اور تنگ گلیوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔حکام کے مطابق اس 5 منزلہ عمارت میں 2 منزلیں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں جب کہ عمارت بھی کافی پرانی ہونے کی وجہ سے خستہ حالت میں تھی جو تیز بارشوں کی تاب نہ لاتے ہوئے زمیں بوس ہوگئی۔ حکام کے مطابق خستہ حالت میں ہونے کی وجہ سے 2011 میں اس عمارت کو خالی کرنے کے دو نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔

Read more

کراچی کیلئے نیا سیوریج سسٹم درکار ہے، میئر وسیم اختر

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے شدید بارش میں شہر کی صورتحال خراب ہوگئی۔کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہونے کے بعد میئر وسیم اختر نے شہر کا دورہ شروع کردیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے ناقص سیوریج سسٹم کو صورت حال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں سیوریج کے بدحال نظام کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے، کراچی کے نشیبی علاقوں میں نہ ہی سیورج کا نظام ہے اور نہ ہی نکاسی آب کا نظام ٹھیک ہے، شہر میں نیا سیوریج سسٹم درکار ہے۔وسیم اختر نے کہا کہ نالے کچرے سے بھرے پڑے ہیں جسکی وجہ سے پانی واپس آرہا ہے، تاہم جہاں تک ممکن ہے پانی نکالنے کی کوششیں کررہے ہیں، شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ فوری طور پر حل نہیں ہوسکتا بلکہ نیا سیوریج سسٹم درکار ہے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی و وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو بھی مربوط نظام کی ضرورت سے آگاہ کیا ہے۔


Read more

یوٹیوب زبردست فیچرز کے ساتھ ایک نئے روپ میں

یوٹیوب نے طویل عرصے بعد پوری ویب سائٹ کو نئے انداز میں پیش کر دیا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں اس کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔یوٹیوب نے 29 اگست کو اپنے ایک بلاگ میں ویڈیوز کی سب سے بڑی شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب میں دلچسپ فیچر پیش کرتے ہوئے اسے بڑی حد تک تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔یوٹیوب کی اس ری ڈیزائننگ میں ویڈیو کو سلوموشن اور فاسٹ فارورڈ کرنے، فون کے لیے عمودی (ورٹیکل) ویڈیوز، سیاہ بیک گرانڈ اور نئے لوگو سمیت کئی اہم فیچرز شامل کئے گئے ہیں جو ایک دو روز میں پوری دنیا میں پیش کئے جائیں گے۔ اس بات کا انکشاف یوٹیوب کے آفیشل بلاگ پر کیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق یوٹیوب کے لوگو کو اس لیے تبدیل کیا گیا ہے کہ یہ ڈیسک ٹاپ، لیپ ٹاپ، فون اور ٹیبلٹ سمیت تمام پلیٹ فارمز پر یکساں بہتر دکھائی دے۔ دوسری جانب اب اس کا ہوم پیج ختم نہیں ہوتا اور اسکرول کرتے جائیں پیج نظر آتا رہتا ہے جبکہ مکمل سیاہ بیک گرانڈ کی بدولت آپ رات کو قدرے پرسکون انداز میں یوٹیوب ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔ دوسری جانب تھیٹر موڈ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ اس سال مئی میں یوٹیوب نے اس کا بی ٹا ٹیسٹ شروع کیا تھا جسے اب لانچ کردیا گیا ہے

Read more

کافی پینے والے افراد لمبی عمر پاتے ہیں، تحقیق

یورپ میں تقریبا 20 ہزار افراد پر کیے گئے 17 سالہ سروے کے بعد ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ زیادہ کافی پیتے ہیں وہ ایک طرف تو بیماریوں سے کم متاثر ہوتے ہیں تو دوسری جانب لمبی عمر بھی پاتے ہیں۔یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کے مطابق اس سروے میں تقریبا تمام یورپی ممالک کا احاطہ کیا گیا تھا البتہ بحیرہ روم سے متصل یورپی علاقے اس سروے میں شامل نہیں کیے گئے۔مطالعے کی ابتدا میں مختلف یورپی ممالک سے 19,896 رضاکار شامل کیے گئے جن کی اوسط عمر 37 سال اور 8 مہینے تھی۔ 17 سالہ مدت میں ان افراد کے کھانے پینے اور چلنے پھرنے کے روزمرہ معمولات کے علاوہ انہیں ہونے والی بیماریوں اور صحت کے دیگر مسائل پر بھی نظر رکھی گئی۔مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے روزانہ اوسطا 4 کپ کافی پی تھی ان میں کسی بھی وجہ سے ناگہانی موت کے امکانات ایسے افراد کے مقابلے میں 64 فیصد کم تھے جو کافی نہیں پیتے تھے۔کافی کی روزانہ مقدار اور عمومی صحت میں تعلق کا تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ روزانہ 2 کپ کافی کے اضافی استعمال سے ناگہانی موت کے امکانات مزید 22 فیصد کم ہورہے تھے، چاہے وہ کسی بھی وجہ سے ہو۔ 45 سال یا اس سے زیادہ عمر والے افراد کیلیے 2 کپ اضافی کاپی استعمال کرنے کا یہی فائدہ 30 فیصد تک دیکھا گیا۔ البتہ نسبتا کم عمر والے افراد میں زیادہ کافی استعمال کرنے کے فوائد اتنے نمایاں اور واضح نہیں تھے۔

Read more

کراچی میں موسلا دھار بارش، 3 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

قائد میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 3 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جس کے باعث شہریوں کو دفاتر اور کام پر جانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ خراب موسم کے باعث کراچی سے شیڈول متعدد پروازیں بھی منسوخ ہوگئی ہیں اور اسکولوں کی چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔کراچی میں کے الیکٹرک اور بلدیہ عظمی کی جانب سے ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے جاسکے۔ بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ لیاری ، نارتھ کراچی اور بلدیہ ٹاون میں 3 کمسن بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بلدیہ ٹان میں محمد عظیم ، لیاری میں جاوید احمد ، اورنگی ٹان میں نصیر اور پرانی سبزی منڈی میں یسین نامی شخص جاں بحق ہوئے۔

Read more

لندن میں نواز شریف کی رہائشگاہ کے باہر لیگی کارکن آپس میں لڑ پڑے

لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی رہائشگاہ کے باہر لیگی کارکن آپس میں ہی لڑ پڑے اور صحافیوں سے بھی بدتمیزی کی۔سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی اہلیہ کی عیادت کے لئے لندن پہنچ گئے ہیں اور جب نواز شریف اپنی رہائشگاہ ایون فیلڈ ہاس پہنچے تو اس موقع پر مسلم لیگ (ن) لندن کے سینکڑوں کارکنان نواز شریف کے استقبال کے لئے موجود تھے مگر جیسے ہی نوازشریف وہاں پہنچے تو کارکنان آپس میں لڑ پڑے جس سے شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔اس دوران نواز شریف صحافیوں سے بات کرنے کے لئے اپنی رہائشگاہ سے باہر بھی نکلے تاہم انہیں بھی دھکم پیل کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث وہ واپس اپنی رہائشگاہ کے اندر چلے گئے۔مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی جب کہ ماحول بہت زیادہ گشیدہ ہونے پر برطانوی پولیس بھی موقع پر پہنچی اور کچھ افراد کو گرفتار بھی کر لیا تاہم میٹروپولیٹن پولیس ہجوم کو کنٹرول میں ناکام نظر آئی۔


Read more

30 August 2017

مردم شماری کے نتائج اور وسائل کی منصفانہ تقسیم۔۔۔ذوالفقار ہنڈل

بھلا ہو سپریم کورٹ کا جس نے مردم شماری کروانے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔مبارک ہو حکومت کو بھی جس نے 19برس بعد ملک میں چھٹی مردم شماری کامیابی سے کروائی۔مردم شماری میں شامل تین لاکھ سرکاری اور دو لاکھ فوجی جوان بھی کامیابی کے اس عمل میں مبارکباد کے مستحق ہیں۔ قارئین آخر یہ عمل 19برس بعد پایہ تکمیل کو پہنچ ہی گیا ۔ملک کی چھٹی مردم شماری کے تحت نتائج سامنے آچکے ہیں۔جس کے نتیجہ کے مطابق 1998سے2017تک2.4فیصد سالانہ شرح نمو کے ساتھ موجودہ ملکی آبادی20کروڑ77لاکھ74ہزار520افراد پر مشتمل ہے۔بروز جمعہ ادارہ شماریات نے اعداد و شمار مشترکہ مفاداتی کونسل کو پیش کئے۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کی آبادی11کروڑ،سندھ کی 4کروڑ78لاکھ،خیبرپی کے کی3کروڑ5لاکھ،بلوچستان کی1کروڑ23لاکھ،فاٹاپچاس لاکھ، اور اسلام آباد کی بیس لاکھ ہے۔جبکہ اعداد و شمار میں کشمیر و گلگت بلتستان کو شامل نہیں کیا گیا۔19سال میں ملکی آبادی میں57فیصد اضافہ ہوا۔جن میں مرد10کروڑ64لاکھ اور خواتین10کروڑ13لاکھ ہیں۔مردوں کی تعداد خواتین سے51لاکھ زیادہ ہے۔قارئین حکومتی مخالفین اور عوام کے نزدیک پاکستان میں موجودہ آبادی مردم شماری کے نتائج کے برعکس ہے۔یعنی موجودہ ملکی آبادی نتائج سے زیادہ ہے۔اختلافات کئے جا سکتے ہیں،مگر ہمیں یہ بھی مدنظر رکھنا چاہئے کہ ہمارے اندازے غلط بھی ہو سکتے ہیں۔تاہم 19برس بعد ملک میں مردم شماری ہوئی ہے،گزشتہ19برس سے ملک کو اندازوں کی بدولت ہی چلایا گیا۔اب جب مردم شماری کے نتائج سامنے آ ہی چکے ہیں تو ہم سب کو تسلیم کرنا چاہئے اور اس حکومتی کاوش کو سراہنا چاہئے۔صرف مردم شماری کروانا ہی حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے نتائج کے مطابق پالیسیاں ترتیب دینا اور علاقہ و وسائل کی منصفانہ تقسیم بھی حکومتی ذمہ داری میں شامل ہے۔آبادی کی تعداد تو سامنے آ چکی ہے ،اب بہت سے اہم کام حکومت کے ذمہ ہیں۔جلد ہی باقی معلومات یعنی شرح خواندگی و ناخواندگی، گھروں کی معلومات اور ملازمت پیشہ و بے روزگار وغیرہ بھی سامنے آ جائیں گی۔صوبوں میں آبادی کے لحاظ سے نئے سرے سے حلقہ بندیاں کی جائیں اور طے کیا جائے کہ کس صوبے کا قومی اسمبلی میں کیا تناسب ہونا چاہئے۔خواتین و مخصوص نشستوں کی نئے سرے سے تعداد اور صوبوں میں انکی تعداد وغیرہ۔آبادی کے لحاظ سے ،ضلعوں ،شہروں ، تحصیلوں اور حتی کہ قصبوں و یونین کونسلوں تک نئی حلقہ و حدود بندیوں کے بعد سب سے اہم و ضروری کام ہے وسائل کی منصفانہ تقسیم، اور یہ تب ہی ممکن ہے جب حلقہ و حدود بندیاں اعداد و شمار کے مطابق کی جائیں۔وسائل کی تقسیم پاکستان میں شروع سے ہی بڑا ایشو رہا ہے مختلف چھوٹے صوبوں و علاقوں کا کہنا ہے کہ انہیں انکے حصہ و تناسب کے لحاظ سے وسائل نہیں دیے جاتے۔حکومتی نمائندے بھی صرف اپنے حلقہ جات تک ہی وسائل کا استعمال کرتے نظر آتے ہیں،مخالفین کے حلقوں کو شروع سے ہی نظر انداز کرنے کی روایت ہے۔امید کرتے ہیں ایسی روایات کو ترک کیا جائے گا اور آبادی کے لحاظ سے وسائل کی تقسیم کی جائے گی نہ کہ پسندیدگی کی بنا پر۔حکومتی مخالفین کو بھی اپنے مفادات کی خاطر بے بنیاد الزامات اور صوبوں میں محرومیت پیدا کرنے کی روایت کو ترک کرنا چاہئے اور حکومت پر دبائو ڈالنا چاہئے کہ جلد از جلد نئی حلقہ بندیوں اور و سائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔کسی بھی ملک کی ترقی و بقا ، انصاف و مساوات میں مردم شماری بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔افسوس کہ پاکستان میں گزشتہ کئی برس حکومتی اندازوں و من مانیوں نے انصاف کی دھجیاں بکھیر دیں اور جانے و انجانے میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے کرپشن کو پروان چڑھایا۔ترقی یافتہ ملکوں کی لسٹ دیکھی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ ایسے ممالک ہر پانچ یا دس سال بعد مردم شماری کرواتے ہیں تاکہ انہیں انکی اصل آبادی و مسائل کی تشخیص ہوتی رہے۔پاکستانی آئین کے مطابق بھی ہر دس سال بعد مردم شماری کروانا لازمی ہے،بلکہ مقررہ وقت پر موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔افسوس کے اقتدار کے لالچ میں چور ہماری حکومتیں ناانصافی کی مرتکب ٹھہریں۔ملکی اعداد و شمار سے متعدد محکموں کا تعین و بہتری کی جاسکتی ہے۔جس میں صحت، لا اینڈ آرڈر،اکنامک گروتھ،نقل و حمل،اناج اور تعلیم وغیرہ۔شہروں و دیہاتوں کی تعمیر و ترقی بھی ان کی آبادی کے حساب سے ہی ممکن ہے۔پاکستان تو ایسا ملک ہے جہاں قدرتی و غذائی وسائل کی بھرمار ہے۔چند ایسے ترقی یافتہ ملک بھی ہیں جن کے ہاں قدرتی وسائل کی کمی ہے۔مگر انہوں نے بروقت مردم شماری کی بدولت اپنے اعداد و شمار سے اپنی خامیوں و ضرورتوں کی تشخیص کی اور پھر وسائل کی منصفانہ تقسیم نے ان کو ترقی یاقتہ ممالک کی فہرست میں شامل کروا دیا۔محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے،مگر اکثریت بے روزگار ہے۔میرے نزدیک اس کی بڑی وجہ اندازوں کے مطابق وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے۔تقریبا ہر سال پندرہ ہزار سے زائد نوجوان ملازمت سے محروم رہتے ہیں۔یہی وجہ ہے بے روزگاری کے ستائے نوجوان معاشرے میں بگاڑ کا باعث بن رہے ہیں۔ہمارے ملک میں غیر منصفانہ تقسیم و کرپشن نے ملکی کاروبار و روزگار کا توازن درہم برہم کر دیا ہے۔وقت آگیا ہے کہ حکومتیں و پالیسی میکرز نئے اعدادو شمار کے ساتھ ہی اپنی پرانی غلطیوں و کوتاہیوں کا ازالہ کرلیں۔حکومتوں و پالیسی میکرز کو اپنی پالیسیاں ملکی مسائل و اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر بنانا ہوں گی۔، اور ایسی پالیسیاں ترتیب دینی چاہئے کہ ملک سے ہر قسم کی بد عنوانی و غربت کا خاتمہ ہو جائے معاشرے میں توازن قائم ہو امیر امیر تر غریب غریب تر والا نظریہ بدل جائے اور ہر پاکستانی اپنے پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرے۔

Read more

گزشتہ شمارے

<< < August 2017 > >>
Sun Mon Tue Wed Thu Fri Sat
    1 2 3 4 5
6 7 8 9 10 11 12
13 14 15 16 17 18 19
20 21 23 24 25 26
27 28 29 30 31