Get Adobe Flash player

August 2017

29 August 2017

کابل میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھماکہ ،ایک جاںبحق

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے ۔ افغان میڈیا کے مطابق دھماکہ کے خودکش ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فی الحال کسی قسم کی تصدیق نہیں کی جاسکتی ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ اور سکیورٹی ادارے موقع پر پہنچ گئے ، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ۔ ابھی تک کسی جماعت یا تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ سکیورٹی اداروں نے دھماکے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہرکیا ہے ۔

Read more

بھارت کا بے حس معاشرہ، غریب لڑکی نے سڑک پر بچے کو جنم دیدیا

بھارت کا معاشرہ کس حد تک بے حس ہوچکا ہے اس کی مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب غریب لڑکی نے بچے کو سڑک بیچ میں جنم دے دیا مگر کوئی اس کی مدد کو نہ آیا۔بھارت میں نظام صحت کی بدترین صورتحال اور حکومتی و عوامی بے حسی کا اندازہ اس واقعے سے لگایا جاسکتا ہے کہ کئی گھنٹے تک عین سڑک کے درمیان اسپتال سے محض چند قدم دور ایک حاملہ لڑکی درد سے تڑپتی و چیختی چلاتی رہی اور وہیں سب کے سامنے بچے کو جنم دے دیا لیکن کوئی اس کی مدد کو نہ آیا۔ بے حس بھارتی شہری چپ چاپ تماشا دیکھتے رہے اور واقعے کی ویڈیو بنانے  میں مصروف رہے لیکن کسی کو اتنی توفیق نہ ہوئی کہ اس بے چاری لڑکی کو اٹھاکر 100 میٹر کے فاصلے پر موجود اسپتال پہنچا دیتے۔یہ واقعہ جھاڑکھنڈ کے علاقے چنڈیل میں پیش آیا جہاں 17 سالہ لڑکی نے سڑک پر ہی بچے کو جنم دیا۔ لڑکی درد کے مارے چیختی رہی اور کمزوری کے باعث اس بچے کو اٹھانے کے قابل بھی نہ تھی۔ آس پاس سے گاڑیاں گزرتی رہیں اور لوگ کھڑے تماشا دیکھتے رہے اور ویڈیو بناتے رہے۔ بعض لوگوں نے اسپتال جاکر ڈاکٹروں کو اس معاملے سے آگاہ کرکے لڑکی کو ایمبولینس بھیج کر اسپتال لے جانے کا کہا لیکن عملے نے انہیں جھڑک کر وہاں سے جانے کو کہا۔بچے کی پیدائش کے بعد چند عورتیں آگے آئیں اور انہوں نے رکشے میں ڈال کر اس لڑکی کو اسپتال پہنچایا۔ اطلاعات کے مطابق لڑکی اپنی بیوہ ماں کے ساتھ رہتی ہے اور اس کے شوہر نے اسے چھوڑ دیا ہے۔

Read more

نواز شریف حقیقت بیان کررہے ہیں تو سننے کا بھی حوصلہ رکھیں، مریم نواز

مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا رویہ تلخ نہیں اور اب وہ سچی بات کررہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں۔داتا دربار لاہور پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ زندگی میں اتار چڑھا آتے ہیں لیکن ہمیں اللہ تعالی پر کامل یقین ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے جس حال میں رکھا اچھا رکھا۔ انہوں نے کہا کہ والد کا رویہ تلخ نہیں ہے، وہ ملک کے لیے بات کرتے ہیں، نواز شریف ایک عرصہ خاموش رہے لیکن اب وہ صرف سچ کہہ رہے ہیں اور اگر وہ حقیقت بیان کررہے ہیں تو سننے کا حوصلہ رکھیں۔مریم نواز نے کہا کہ میری والدہ بیمار ہیں اور لندن میں زیر علاج ہیں، اللہ تعالی انہیں صحت عطا کرے، نواز شریف ان کی عیادت کے لئے بدھ کے روز لندن جارہے ہیں، والدہ کی انتخابی مہم کی ذمہ داری پوری کروں گی۔

Read more

دپیکا معاوضے کے معاملے میں رنویراورشاہد سے آگے

بھارتی فلم نگری میں مرد اداکاروں کا معاوضہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے لیکن دپیکا نے اس معاملے میں اپنے ساتھی اداکار مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وووڈ میں آج کل سنجے لیلا بھنسالی کی زیر تکمیل فلم پدما وتی کی بڑی دھوم ہے، فلم میں مرکزی کردار رنویر سنگھ، شاہد کپوراوردیپیکا پڈوکون ادا کررہی ہیں۔ سنجے لیلا بھنسالی ایسی فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں جس کی کہانی میں ہیروئن کا کردار بہت مضبوط ہوتا ہے اورپدما وتی بھی ایسی ہی کہانی ہے۔پدما وتی کے حوالے سے یہ خبریں گردش میں ہیں کہ اس فلم میں دپیکا کو ان کے مد مقابل مرد اداکاروں کے مقابلے میں زیادہ معاوضہ دیا گیا ہے، کہا جاتا ہے کہ دپیکا فلم میں کام کے بدلے 13 کروڑ روپے وصول کریں گے جب کہ رنیوراورشاہد کو 10،10 کروڑ روپے ملیں گے۔


Read more

انڈسٹری میں چربہ سازی نہ رکی تو ہم اپنی شناخت کھو بیٹھیں گے، سنیتا مارشل

اداکارہ وماڈل سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ دوسروں کو کاپی کرنے کا سلسلہ نہ رکا تو ہم اپنی شناخت کھو بیٹھیں گے۔ ادارہ سنیتا مارشل نے کہا کہ ویسے توہمارے ہاں بات بات پرپڑوسی ملک کی فلم انڈسٹری بالی وڈ کوبطورمضبوط ریفرنس بحث کا حصہ بنایا جاتا ہے اوروہاں بننے والی فلموں میں فحاشی، عریانی کے فروغ پربات ہوتی ہے، وہیں ان کے انداز کو اپنانے کے لیے آئٹم سانگز کی شکل میں مقابلے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک دوسرے پرتنقید کا سلسلہ اور دوسروں کو کاپی کرنے کا سلسلہ نہ رکا توپھرہم اپنی شناخت کھوبیٹھیں گے۔ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت ہمیں اپنی شناخت کی ہے، جوفلموں کے ذریعے پوری دنیا میں متعارف کروانا آج کے نوجوان فلم میکر کا مشن ہونا چاہیے۔اداکارہ نے کہا کہ اہم تاریخی واقعات ہوں یا اہم معاشرتی مسائل، ان کو ارباب اختیار اور عوام تک پہنچانے کے لیے فلم کا ہی سہارا لیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں دنیا بھرمیں بننے والی فلموں میں لوگوں کی تفریح کوترجیح دیتے ہوئے کمرشل فلمیں بنتی ہیں، وہیں ایسے حساس اوراہم موضوعات پربھی فلمیں معمول کے مطابق بنائی جاتی ہیں جن کا مقصد لوگوں میں شعور اجاگرکرنا ہے۔


Read more

مردم شماری کے دھاندلی زدہ نتائج کو مسترد کرتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ 2017 کی مردم شماری کے جبری اور دھاندلی زدہ نتائج مسترد کرتے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 2017 کی مردم شماری کے دھاندلی زدہ نتائج مسترد کرتے ہیں، کراچی کے ساتھ زیادتی پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے۔ یہ صرف ایم کیو ایم کا نہیں سندھ میں رہنے والے تمام قوموں کا مسئلہ ہے ، کراچی پاکستان کی ترقی کا انجن ہے۔ سندھ کی شہری آبادی کو جان بوجھ کر کم ظاہر کیا گیا ہے، ماضی کی مردم شماریوں میں بھی یہی ہوا تھا۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ سندھ میں آباد لوگوں سے کہا جارہا ہے وہ تیسرے درجے کے شہری ہیں، یہاں کے عوام کومعاشی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے، مہاجروں کو دیوار میں چنوا دیا گیا ہے، اس سے بڑا ظلم پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا، سپریم کورٹ آف پاکستان سے کہیں گے کہ ہماری آبادی کا مقصد ہماری تعداد کو گھٹانا ہے۔

Read more

پاناما بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کودل کو دورہ؛ اسپتال منتقل

سپریم کورٹ کے سینئیر ترین جج اور پاناما کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کودل کو دورہ پڑا ہے جس کے بعد انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے سینئیر ترین جج اور پاناما کیس کے بینچ میں شامل ہونے والے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو دل کی تکلیف کے باعث پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے دل کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے فوری طور پرانجیو پلاسٹی شروع کردی۔ڈاکٹرزکا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آصف سعید کے دل کے دو والو بند ہیں، جس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا، شریانوں کی بندش انجیو پلاسٹی کی مدد سے کھولی جائے گی جب کہ آپریشن کا فیصلہ انجیو پلاسٹی کے بعد کیا جائے گا۔


Read more

نیب نے اپنی ساکھ خود تباہ کردی ہے، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے نیب پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے اپنے ہاتھوں اپنی ساکھ ختم کردی۔سپریم کورٹ میں ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)سے خارج کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائزعیسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیب نے اپنی ساکھ کو خراب کرلیا، نیب دل سے کام کرتا تو اب تک کیس ختم ہو جاتا، احتساب عدالت میں اب تک ٹرائل مکمل کیوں نہیں ہوا، لگتا ہے کہ نیب خود کیس کو طویل کرنا چاہتا ہے، اداروں کو تباہ نہ کیا جائے، مقدمے کے شریک ملزم کو کاروبار کے لیے باہر جانے دیا گیا، کیا کاروبار کا حق زندگی کے بنیادی حق سے بالاتر ہے، نیب جب مرضی سے کسی کے خلاف کارروائی کرتا ہے اور کسی کے خلاف نہیں کرتا تو حیرانی ہوتی ہے۔جسٹس دوست محمد نے استفسار کیا کہ کیا نیب ملزمان کو چھوڑنے کے لیے پکڑتا ہے؟۔ نیب کے وکیل ناصر مغل نے اعتراض کیا کہ ڈاکٹر عاصم پہلے ویل چیئر استعمال کرتے تھے، اب احتساب عدالت میں وہیل چیئر کے بغیر پیش ہوتے ہیں۔  جسٹس دوست محمد نے کہا کہ نیب نے ڈاکٹر عاصم کی میڈیکل رپورٹ کو چیلنج نہیں کیا، اگر میڈیکل رپورٹس قبول نہیں تو پھر نئی رپورٹ کس سے منگوائیں۔


Read more

شاہ رخ کا فرح خان کوسرپرائز

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان معروف کوریو گرافر فرح خان سے ملاقات کے لیے ان کے رئیلٹی شو کی شوٹنگ میں جاپہنچے جس سے ان کی دوست ناصرف خوش ہوگئیں بلکہ دونوں نے ایک ساتھ کافی وقت بھی گزارا۔بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور کوریو گرافر فرح خان کے درمیان گہری دوستی کچھ عرصہ قبل دشمنی میں بدل گئی تھی لیکن دونوں کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور ایک دوسرے سے گلے شکوے دور کردیے۔ دونوں کی دوستی میں اب ویسی تو بات نہیں لیکن بظاہر رنجشیں بھی نہیں اور اس بات کو ثابت کرنے کے لیے شاہ رخ خان اچانک ہی فرح خان کے ئیلٹی شو کی شوٹنگ میں جاپہنچے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ممبئی کے یش راج اسٹوڈیو میں اپنے ٹی وی شو کی شوتنگ کرارہے تھے اسی دوران انہیں معلوم ہوا کہ اسی اسٹوڈیو میں اس وقت فرح خان بھی موجود ہیں جو کہ ایک مقبول امریکی ٹی وی شو کے ہندی ورژن کی شوٹنگ کرارہی ہیں۔ یہ معلوم ہوتے ہی شاہ رخ خان فورا وہاں جا پہنچے۔ کنگ خان کو شو کے سیٹ پر دیکھ کر فرح خان بہت خوش ہوئیں اور دونوں نے کافی وقت ایک ساتھ گزارا۔


Read more

شمالی کوریا کا میزائل جاپان کی فضا سے گزر کر سمندر میں جا گرا

تمام تر عالمی دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو پچھلے تجربات سے بھی زیادہ سنگین قرار دیا جارہا ہے۔خبروں کے مطابق یہ پہلا موقعہ ہے کہ جب تجربے کے دوران داغا گیا شمالی کوریائی میزائل جاپان کی فضائی حدود سے گزرتا ہوا سمندر میں جا گرا اور تباہ ہوگیا۔جاپانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے میزائل کا یہ تجربہ مقامی وقت کے مطابق علی الصبح کیا جبکہ یہ میزائل جاپان کے مشرقی علاقے کی فضاں سے گزرتا ہوا سمندر میں جا گرا۔ جاپان کی جانب سے اس میزائل کو گرانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی البتہ میزائل گزرنے پر متعلقہ علاقے میں خطرے کے سائرن بجادیئے گئے اور لوگوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ احتیاطا تہہ خانوں میں چلے جائیں۔مزید خبروں سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ مذکورہ شمالی کوریائی میزائل کا اصل ہدف غالبا جاپانی سمندری حدود کے قریب ہی کہیں واقع تھا لیکن وہ اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں پھٹ گیا اور تین بڑے ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا۔ اس لحاظ سے یہ ایک ناکام میزائل تجربہ تھا۔


Read more

گزشتہ شمارے

<< < August 2017 > >>
Sun Mon Tue Wed Thu Fri Sat
    1 2 3 4 5
6 7 8 9 10 11 12
13 14 15 16 17 18 19
20 22 23 24 25 26
27 28 29 30 31