Get Adobe Flash player

09 September 2017

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں نامور اداکار افتخار قیصر بے یار و مددگار

پشاور، ہندکو اور اردو کے نامور اداکار اور شاعر افتخار قیصر شدید علیل ہونے کے باوجود لیڈی ریڈنگ اسپتال میں بے یار ومدد گار پڑے ہیں۔ افتخار قیصر کو شدید علالت کے باعث پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ڈاکٹرز کی بے توجہی کے باعث گھنٹوں کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے رہے۔افتخار قیصرکے بیٹے حاجب حسنین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی بے توجہی کے باعث ان کے والد کے ساتھ بہت ناروا سلوک کیا گیا، ان کے والد ملک کے نامور اداکار ہیں لیکن اسپتال انتظامیہ نے انہیں اسٹریچر پر کھلے آسمان تلے ڈال دیا، وہ علاج کی استطاعت نہیں رکھتے، خدارا ہماری مدد کی جائے ہم در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، والد کے علاج معالجے میں حکومت ان کا ساتھ دے۔افتخار قیصر کے بیٹے کی جانب سے مدد کی اپیل کرنے کے بعد وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار کی حالت پراظہار تشویش کرتے ہوئے انہیں ملک کا سرمایہ قراردیا اور کہا کہ وفاقی حکومت افتخار قیصر کے علاج کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔دوسری جانب اسپتال انتطامیہ کا کہنا ہے کہ افتخار قیصر کو برین ٹیومر ہے اور ان کے جگر نے بھی کام بند کردیا ہے۔ کچھ ٹیسٹس کے باعث ان کو اسپتال داخل کرنے میں تاخیر ہوئی تاہم اب ان کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔

Read more

پیپلز پارٹی کا مہاجروں پر مظالم سے متعلق بیان پرفاروق ستار سے معافی کا مطالبہ

سندھ میں مہاجروں پر مظالم کا الزام لگانے پر پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے معافی کا مطالبہ کردیا۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فاروق ستار کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، سب کو پتا ہے کہ ان لوگوں کے عزائم کیا ہیں، فاروق ستارکو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے، وہ اپنے اس بیان پر معافی مانگیں، کیا مہاجروں سے روہنگیا مسلمانوں جیسا سلوک ہورہا ہے، درحقیقت بلی تھیلے سے باہرآگئی ہے، یہ لوگ کبھی نئے صوبے کی بات کرتے ہیں اور کبھی کچھ اور کہتے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے مردم شماری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری پر ہم نے کہا تھا کہ ایک ڈیٹا فارم انتظامیہ کے پاس بھی ہونا چاہیے، بے نظیر قتل میں نامزد دہشت گردوں کو چھوڑ دیا گیا، آصف زرداری کو کرپشن ریفرنس سے بری کردیا گیا لیکن ان کے جیل میں گزارے گئے دس سالوں کا حساب کون دے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا تھا کہ میانمار میں مسلمانوں اور سندھ میں مہاجروں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

 

Read more

کراچی میں ہاکس بے پر 12افراد ڈوب گئے، 9لاشیں نکال لی گئیں

ہاکس بے میں پکنک کے لئے آئے 12 افراد سمندر کی لہروں کی نذر ہوگئے جن میں سے 9  کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافے سے تنگ آکر شہری ساحل سمندر کا رخ کرتے ہیں لیکن اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کئی منچلے سمندر کی موجوں کے مزے لوٹتے آگے بڑھ جاتے ہیں اور جان کی بازی بھی ہار جاتے ہیں۔ اور اب تک مختلف واقعات میں  سیکڑوں افراد ڈوب کر اپنی زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔کراچی کے ساحل  ہاکس بے پر بھی نارتھ کراچی اور ناظم آباد سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے افراد  پکنگ منانے آئے تھے کہ سمندر میں نہاتے ہوئے 12 افراد ڈوب گئے جن میں سے 9 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ تین افراد کو ماہر غوطہ غوروں نے بے ہوشی کی حالت میں باہر نکال لیا ہے، ڈوبنے والے افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سمندر میں نہانے کے دوران 3 افراد ڈوب گئے تھے جنہیں بچانے کے لئے دیگر افراد بھی سمندرکی حدود کے اندر چلے گئے اور 12 افراد سمندر کی تیز لہروں کی لپیٹ میں آگئے۔

Read more

شاہد خاقان عباسی ایف 16 میں بیٹھ کرمشقوں کا جائزہ لینے والے پہلے وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تاریخ میں پہلی بار بحثیت وزیراعظم پاکستان ایف سولہ طیارے میں بیٹھ کر جنگی مشقوں میں شرکت کی۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا اس موقع پر ائیرچیف مارشل سہیل امان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے نئے تعمیر شدہ ائیرپاور سینٹر آف ایکسی لینس کادورہ کیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی تعمیر وترقی میں پاک فضائیہ کے کردار، سیفرون بینڈڈ نامی فوجی مشقوں اور ائیرپاور سینٹر آف ایکسی لینس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ ائیرپاور سینٹر جدید ترین آلات سے لیس ادارہ ہے اور ایوی ایشن سٹی پرجیکٹ کامرہ میں ایک جدید سوچ کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو بتایا گیا کہ رواں برس اکتوبر میں پاک فضائیہ کثیرالملکی فوجی مشقوں کی میزبانی بھی کرے گا جس میں 19 ممالک کے فضائی دستے شرکت کریں گے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف 16 جنگی طیارے میں فائٹرپائلٹ کی پچھلی نشست رئیرکاک پٹ میں بیٹھ کر فوجی مشقوں کا جائزہ لیا اور وہ تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں جنہوں نے جہاز میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت کی، جب کہ دوسرے ایف 16 جہاز میں پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے فوجی مشق میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے ائیرفورس کے کمبیٹ افسران اور گرانڈ کریو کے ساتھ ملاقات کی جب کہ پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عزم حوصلے کو سراہتے ہوئے اظہار اطمنان کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ دنیا کی جدید ترین فضائیہ میں شامل ہے جو فضائی حدود کی محافظ ہے۔



Read more

آئی جی سندھ نے 7جولائی کے بعد کیے گئے تبادلے اور تعیناتیاں منسوخ کردیں

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے 7 جولائی کے بعد پولیس میں ہونے والے تمام تبادلے اور تعیناتیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں 7 جولائی سے پہلی والی ذمہ داریوں پر واپس جانے کا حکم دے دیا ہے۔آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ اور سندھ حکومت کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرتی جارہی ہے، صوبائی حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود آئی جی سندھ اب بھی اپنے عہدے پر برقرار ہیں اور سندھ حکومت کو ہر بار سندھ ہائی کورٹ سے منہ کی کھانی پڑی ہے۔سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد آئی جی سندھ بھرپور ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں اور انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے 7 جولائی کے بعد پولیس میں ہونے والے تمام  تبادلے اور تعیناتیاں منسوخ کردیں جب کہ تمام افسران کو 7 جولائی سے پہلی والی تعیناتی پرجانے کا حکم بھی دیدیا۔ آئی جی سندھ نے سندھ حکومت کے 22 حکم نامے منسوخ کیے جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اللہ ڈنوخواجہ کوعہدے پر برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی کو 3 سال کی مدتِ ملازمت سے پہلے نہیں ہٹایا جاسکتا۔ سندھ ہائی کورٹ نے بھی پولیس افسران کی تقرری و تبادلے سے متعلق صوبائی حکومت کے 7 جولائی کے دونوں نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیے تھے۔واضح رہے سندھ حکومت نے 7 جولائی کے بعد مختلف اضلاع کے ایس ایس پیز اور دیگر افسران کے تبادلے کیے تھے۔


Read more

کلثوم نواز رو بصحت؛ کھانا کھانے لندن کے کیفے پہنچ گئیں

سابق وزیراعظم نوازشریف کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نوازتیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں اور انہوں نے لندن کے کیفے میں کھانا بھی کھایا۔ مطابق نوازشریف کے خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ گلے کے کامیاب آپریشن کے بعد بیگم کلثوم نواز اب تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں جس پر ان کے بچوں سمیت پورا خاندان خوش ہے۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز نے اپنے خاندانی افراد کے ساتھ لندن کے ایک کیفے میں کھانا بھی کھایا جو اس بات کا عندیہ ہے کہ وہ جلد وطن واپس جاکر اپنی انتخابی مہم میں حصہ لیں گی۔اس سے قبل عید کے موقع پر نوازشریف کے پوتے زید حسین نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں تھا کہ  اللہ کا شکر ہے کہ ہم آپریشن کے بعد گھر پہنچ گئے ہیں۔  دادی کلثوم نواز کی صحت کے لئے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ اور سب کو عید مبارک۔


Read more

میانمار کے سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، مسلمانوں پر مظالم کیخلاف شدید احتجاج

پاکستان نے میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے میانمار کے سفیر یوون منٹ کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا کے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ ریاست راکھائن میں روہنگیا مسلمانوں کیخلاف تشدد کے اقدامات روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔تہمینہ جنجوعہ نے برمی سفیر سے مطالبہ کیا کہ میانمار میں مسلمانوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم  کیا جائے اور مسئلے کے حل کے لیے کوفی عنان کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ میانمار حکومت اقلیت کے خلاف گھنانے جرائم میں ملوث افراد کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لائے اور مسلمانوں پر منظم تشدد کی تحقیقات کرائے۔ میانمار کے سفیر نے اپنی حکومت کو پاکستان کے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Read more

2014سے اب تک50ارب روپے قومی خزانے میں جمع کراچکے ہیں، چئیرمین نیب

چئیرمین نیب قمر زمان کا کہنا ہے کہ ہم نے 2014 سے لے کر اب تک 50 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے اور 3 لاکھ سے زائد شکایات کو نمٹانے کی کوشش کی۔چئیرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوشن ڈویژن کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جب کہ پراسیکیوٹر جنرل اکانٹیبلٹی نیب وقاص قدیر نے بریفنگ بھی دی۔ وقاص قدیرکا کہنا تھا کہ  نیب پراسیکیوشن ونگ میں معیاری، قانونی تعلیم کے حال، ماہر اور پیشہ ور پراسیکیوٹرتعینات کئے گئے جن کے آنے سے عدالتوں میں نیب کی کارکردگی مجموعی طور پر بہت اچھی رہی۔اس موقع پر چئیرمین نیب قمر زمان کا کہنا تھا کہ 2014 سے لے کر اب تک نیب کو 3 لاکھ 43 ہزار 356 شکایات موصول ہوئیں جنہیں قانون کے مطابق نمٹایا جارہا ہے، نیب نے عدالتوں میں 2 ہزار 808 کرپشن ریفرنسز جمع کرائے، 11 ہزار کرپشن کی شکایات پر خود جانچ پڑتال کی، عام افراد اور سرکاری محکموں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر 7 ہزار 587 انکوائریاں کی گئیں، 3 ہزار 846 کرپشن کیسز کی تحقیقات کی گئیں اور اب تک 50 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کراچکے ہیں۔

Read more

سرگودھا میں وکلا نے خاتون اسسٹنٹ کمشنر کو یرغمال بناکر کمرے میں بند کردیا

وکلا نے خاتون اسسٹنٹ کمشنرڈاکٹرانعم کو یرغمال بنانے کے بعد ان ہی کے کمرے میں بند کردیا۔سرگودھا میں کیس مقررہ تاریخ سے پہلے سننے اورتحریری درخواست پرکارروائی نہ ہونے پر وکلا اسسٹنٹ کمشنر آفسرانعم علی خان پرخوب برس پڑے اور آفس میں توڑ پھوڑ کی۔ وکلانے خاتون اسسٹنٹ کمشنرکو کمرے میں بند کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچی تالا توڑ کراسسٹنٹ کمشنر کو کمرے سے باہر نکالا۔واقعے پر ڈاکٹر انعم کا کہنا تھا کہ وکلا ان سے اپنی مرضی کا فیصلہ چاہتے تھے لیکن انکار پر انہوں نے مجھے یرغمال بنالیا۔

Read more

اشتعال انگیز تقاریر؛ بانی ایم کیو ایم کی جائیداد قرق کرنے کا حکم

انسداد دہشتگردی عدالت نے فوج کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے کیس میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پاک آرمی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے کیس کی سماعت کی۔ جج نے عدالت میں پیش نہ ہونے پر بانی ایم کیو ایم کی جائیداد ضبط کرکے نیلام کرنے کا حکم دیتے ہوئے الطاف حسین کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم کی جائیداد کی تفصیل بھی طلب کرلی۔ بانی ایم کیو ایم کیخلاف تھانہ مارگلہ میں اشتعال انگیز تقاریر کا مقدمہ درج ہے۔ واضح رہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو تھانہ گولڑہ، سیکرٹریٹ، بہارہ کہو اور تھانہ کوہسار کے کیسز میں پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔


Read more