Get Adobe Flash player

September 2017

11 September 2017

شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں سنگین غلطیوں کا انکشاف

سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف دائر کرائے گئے نیب ریفرنسز میں سنگین غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف دائر کرائے گئے ریفرنسز کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے، احتساب عدالت کے فاضل جج نے رجسٹرار آفس کو دستاویزات کی جانچ پڑتال مکمل کرکے 14 ستمبر تک ریفرنس عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔رجسٹرار آفس کے ذرائع کے مطابق نیب کے دائر کردہ ریفرنسز میں بڑے پیمانے پر غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ کئی صفحات دو مرتبہ ریفرنسز کا حصہ بنائے گئے ہیں جب کہ ریفرنسز میں سے بعض اہم صفحات بھی غائب ہیں۔واضح رہے کہ نیب نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں گزشتہ ہفتے شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف 4 ریفرنس دائر کیے ہیں۔


Read more

قصور میں درندہ صفت شخص نے بیوی اور3بیٹیوں کو قتل کر دیا

درندہ صفت شخص نے گھریلو ناچاقی پر بیوی اور 3 بیٹیوں کو قتل کردیا۔دل دہلا دینے والا المناک واقعہ تھانہ بی ڈویژن کی بستی صابری میں پیش آیا جہاں حنیف نامی شخص نے ٹوکے کے وار کرکے بیوی اور 3 بیٹیوں کو قتل کر دیا، مقتولین میں 40 سالہ شاہدہ، 16 سالہ طیبہ، 14 سالہ لائبہ اور 8 سالہ ثمرہ شامل ہیں، چاروں خواتین کو گھریلو ناچاقی کی بنا پر قتل کیا گیا۔ محلے والوں کے مطابق حنیف اور اس کے گھر والے شریف لوگ ہیں اور قتل ہونے والی شاہدہ گھر کے باہر پرچون کی دکان چلاتی تھی۔پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ملزم حنیف کے 3 بیٹے بھی گھر میں موجود تھے جنہیں اس نے چھوڑ دیا اور اپنی بیوی سمیت 3 بیٹیوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ ملزم حنیف سرکاری اسکول میں مالی ہے تاہم واقعے کے بعد اس نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا جس کے بعد پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

Read more

شاہانہ شادی میں عمران خان سمیت بالی ووڈ ستاروں کی شرکت

کروڑوں روپے مالیت سے سجی شاہی انداز میں انجام پانے والی شادی کی تقریب کو پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان اور دیگر رہنماں سمیت بالی ووڈ فنکاروں کی شرکت نے یادگار بنادی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں مقیم پاکستانی نژاد بزنس مین انیل مسرت کی بیٹی کی شادی میں تقریبا 55 کروڑ 54 لاکھ  اور 52 ہزار روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی، شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان خصوصی طور پر لندن پہنچے، جہاں ان کے علاوہ نعیم الحق سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ عمران خان سمیت شیخ رشید، شاہ محمود قریشی، سابق وزیر اعظم پاکستان شوکت عزیز، احمد رضا قصوری، بابر اعوان اور مئیر لندن صادق خان نے بھی شادی میں شرکت کی۔بالی ووڈ سے شامل ہوئے فنکاروں میں ہریتھک روشن، انیل کپور، سونم کپور، کرن جوہر، رنویر سنگھ اور سنیل شیٹھی نے شادی کی تمام تقریبات میں شرکت کی اور اپنی پرفارمنس سے مہمانوں کو محظوظ کیا۔ تقریب کی میزبانی فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کہ ڈارایکٹر کرن جوہر نے سنبھالی اور عمران خان کو اسٹیج پر دعوت دیتے ہوئے فرمائش کی کہ وہ اپنی شادی کے تجربات سے سب کو آگاہ کریں۔دوسری جانب اِس موقع پر اپنی شوٹنگ کی مصروفیات ترک کرکے شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچنے والے رنویر سنگھ کی پرفارمنس نے شادی میں شریک تمام ہی مہمانوں کا دل جیت لیا۔ جب کہ سونم کپور کا کہنا تھا کہ انہوں نے کافی مہنیوں پہلے سے شادی کی تیاری شروع کردی تھی۔ وہ 15 سال سے دلہن کو جانتی ہیں اور اِن کے گھرانوں کے باہمی تعلقات بہت اچھے ہیں۔واضح رہے کہ ایشیا کی 21 ویں امیر ترین کاروباری شخصیت انیل مسرت کے والدین 1980 میں فیصل آباد سے مانچسٹر منتقل ہوئے تھے۔


Read more

دوران پرواز سونے اور غفلت برتنے پر پی آئی اے کے 3 پائلٹ معطل

دوران پرواز سونے اور سنگین غفلت کے دیگر الزامات میں پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کے تین پائلٹس کو معطل کردیا گیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کے تین کپتانوں کے لائسنس معطل کردیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ معطل ہونے والوں میں کیپٹن انور، کیپٹن عامر اور فرسٹ آفیسر عدیل جاوید بھی شامل ہیں۔کیپٹن انور عادل نے نشستیں نہ ہونے کے باوجود مسافروں کو جہاز میں سفرکروایا تھا جب کہ کیپٹن عامر ہاشمی پر دوران پرواز بزنس کلاس میں سونے کا الزام تھا۔ ذرائع کے مطابق کپتانوں کے لائسنس مقررہ مدت کے لیے معطل کیے گئے ہیں۔

Read more

کراچی میں ورلڈالیون کے میچز نہ کرانے پر نجم سیٹھی کی مذمت کرتا ہوں، وزیر اطلاعات سندھ

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں نہ کرانے پر نجم سیٹھی کے روئیے کی مذمت کرتا ہوں۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ورلڈ الیون کے میچز کے لیے پی سی بی کو خطوط بھی لکھے تھے تاہم ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں نہ کرانے پر چئیرمین کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے روئیے کی مذمت کرتا ہوں۔ناصر حسین شاہ  نے کہا کہ عالمی ریسلرز اگر کراچی آکر کھیل سکتے ہیں تو کرکٹرز کیوں نہیں، ورلڈ الیون کراچی آئے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔


Read more

پشاور میں فلور ملز کالعدم داعش کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال ہونیکا انکشاف

دلہ زاک روڈ پر قائم فلور ملز کو کالعدم تنظیم داعش کے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔پشاور میں دلہ زاک روڈ فلورملز میں پاک فوج، حساس اداروں، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فورسز نے مصدقہ اطلاعات پر رات گئے فلورملز پر چھاپہ مار کارروائی کی تاہم فلور ملز میں موجود دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ترجمان کے مطابق کارروائی میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ فلور ملز کو کالعدم تنظیم داعش کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا  اور یہ گروہ 2009 سے لے کر اب تک اسی مل سے دہشت گردی کی منظم کارروائیاں کررہا تھا جب کہ فلورمل کا کنٹرول افغانستان سے ہورہا تھا۔حکام نے بتایا ہے کہ فلورملز سے باقاعدہ طور پر پریس ریلیز، آڈیو اور ویڈیو پیغامات کے علاوہ دہشت گردی کے واقعات کی ذمہ داری کے حوالے سے خبریں بھی جاری کی جاتی رہی ہیں جب کہ خیبرپختون خوا سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق منصوبہ بندی بھی اسی جگہ سے کی جاتی تھی۔

Read more

بعض عدالتی فیصلوں کے باعث اربوں روپے ہرجانہ اداکرنا پڑا، اٹارنی جنرل

اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف کا کہنا ہے کہ بعض عدالتی فیصلے عالمی فورم پرلے جائے گئے جن کے باعث اربوں روپے ہرجانہ اداکرنا پڑا۔سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کے موقع پر فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کا کہنا تھا کہ آج قائداعظم کی انہترویں برسی بھی ہے لہذا آج کے دن ہمیں محنت اورلگن سے کام کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔ آئین عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ کے اختیارات کی حدبندی کرتا ہے،اٹارنی جنرل آف پاکستان نے مزید کہا کہ سیاسی مقدمات سپریم کورٹ میں لائے گئے اور فریقین کو اپیل کے حق کے بغیر چھوڑ دیاگیا جب کہ اس طرح کے مقدمات میں میڈیا کی اپنی ذمہ داری بھی ہوتی ہے، امید ہے میڈیا عدالتی نظام کے متوازی عوامی عدالتی نظام میں تبدیل نہیں ہوگا۔بعض عدالتی فیصلے عالمی فورم پرلے جائے گئے جن کے باعث اربوں روپے ہرجانہ ادا کرنا پڑا،ہمیں ایک دوسرے سے خیالات کا تبادلہ کرنا چاہیے، اس سے اداروں کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں ہوتا بلکہ ایک دوسرے کوسمجھنے کاموقع مل سکتاہے۔


Read more

اوآئی سی کا میانمار سے اقوام متحدہ کو مظالم کی تحقیقات کی اجازت دینے کا مطالبہ

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو راکھائن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرنے کی اجازت دے۔قازقستان کے درالحکومت آستانہ میں او آئی سی کے سربراہ اجلاس برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے موقع پر میانمار میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا۔ او آئی سی نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرنے کی اجازت دے اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔او آئی سی کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر میانمار کی حکومت پر شدید تنقید بھی کی گئی۔ شرکا نے میانمار کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے منظم تشدد، گھروں اور عبادت گاہوں کو نذرآتش کرنے پر خدشات کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اب تک تقریبا 3 لاکھ مسلمان بنگلا دیش ہجرت کر چکے ہیں۔او آئی سی نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مسائل کو ختم کرے جو اس مسئلے کی جڑ ہیں اور ان میں 1982 کا شہریت ایکٹ بھی شامل ہے، اس قانون کی وجہ سے روہنگیا مسلمانوں کو شہریت دینے سے انکار کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے روہنگیا مسلمان اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔


Read more

بلوچستان کے علاقے کچلاک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق

کچلاک میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق چمن سے آنے والی گاڑی پر نامعلوم افراد نے کچلاک میں اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق مقامی ہزارہ برادری سے تھا یا یہ لوگ افغانستان سے آ رہے تھے۔گاڑی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ کچلاک میں ایک پٹرول پمپ پر ایندھن بھروانے کے لیے رکی، ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جب کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔


Read more

قائداعظم محمد علی جناح کا 69واں یوم وفات آج منایا جا رہا ہے

بابائے قوم و بانی پاکستان  قائداعظم محمد علی جناح کا 69واں یوم وفات آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔آج مختلف تقریبات میں بابائے قوم کو بھر پور طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بانی پاکستان کی روح کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی کی گئی، قائد اعظم کے مزار پرسیاسی شخصیات، مسلح افواج کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ بابائے قوم کے یوم وفات کے سلسلے میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں سیمینارز، مذاکروں اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔قائداعظم محمد علی جناح کے 69 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ قائداعظم راستبازی، دیانتداری، جرات و بہادری اورعزم و استقلال جیسی خوبیوں کے حامل تھے۔ قائداعظم کے اتحاد ، یقین محکم اور نظم وضبط کے اصولوں پرعملدرآمدکی ضرورت جس قدر آج ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہاکہ قائداعظم ساری زندگی جمہوری اصولوں کی سر بلندی اور قانون کی حکمرانی کیلیے اپنے نصب العین پرکار بند رہے۔ آج بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم قائد اعظم کے اتحاد، یقین محکم اور نظم و ضبط کے اصولوں پرعمل پیرا رہنے کا عزم کریں

Read more

گزشتہ شمارے

<< < September 2017 > >>
Sun Mon Tue Wed Thu Fri Sat
          1 2
3 4 5 6 7 8 9
10 11 12 13 14 15 16
17 19 20 21 22 23
24 25 26 27 28 29 30