Get Adobe Flash player

09 August 2018

ترکی کا امریکی پابندی کے باوجود ایران سے گیس کی خریداری جاری رکھنے کا اعلان

انقرہ /تہران: ترکی نے امریکی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایران سے قدرتی گیس کی خریداری جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ترکی کے وزیر توانائی فاتح دون میز کا کہنا ہے کہ ترکی رسد کے طویل المدت معاہدے کے تحت ایران سے قدرتی گیس کی خریداری جاری رکھے گا۔ اس کے علاوہ ایران کے ساتھ مذکورہ معاہدہ 2026 تک جاری رہے گا اور اس کے تحت مجموعی طور پر9.5 ارب کیوسک میٹر گیس درآمد کی جائے گی۔دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ واشنگٹن تہران کو تیل کی برآمد سے نہیں روک سکتا۔ دنیا اب امریکا سے تنگ آچکی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا مقصد ہے کہ ایران کی تیل کی برآمدات صفر کردی جائیں جو کہ بالکل بے معنی اور ناممکن ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کی جانب سے ایران پر پابندیاں لگانے کے جواب میں کہا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں، کوئی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

Read more

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 3فلسطینی شہید، 8زخمی

غزہ /مقبوضہ بیت المقدس: غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور 8 زخمی ہوگئے، فضائی حملے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، محکمہ صحت غزہ کے مطابق حملے میں شہید ہونے والوں میں 2 حاملہ خواتین اور ایک 18 ماہ کی بچی شامل ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے الزام لگایا ہے کہ حملے میں مارے جانے والے افراد اسرائیل پر راکٹ حملے میں ملوث تھے اور ان کا تعلق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے ہے۔

Read more

امریکا ناقابل بھروسہ ملک ہے، ایرانی صدر حسن روحانی

تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکا کو ناقابل بھروسہ ملک قرار دے دیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت تہران میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یانگ ہو نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ ایرانی صدر نے شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کو امریکا کے ساتھ تعلقات پر محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی انتظامیہ پر کسی صورت اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان برسوں کی کشیدگی کے بعد تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ہے جس کے بعد برف پگھلنے لگی ہے۔


Read more

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید2کشمیری شہید

سری نگر: مقبوضہ بھارتی فوج نے تازہ کارروائی کرتے ہوئے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ایک بار پھر نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا۔ بھارتی فوج نے ضلع بارہ مولا کے علاقے رفیع آباد میں تازہ کارروائی کرتے ہوئے ایک کشمیری کو شہید کردیا، علاقے میں صرف 3 روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے محاصرے کے دوران 4 نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔دوسری جانب سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں زیر علاج نوجوان عارف صوفی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ضلع کلغم کے علاقے خدوانی کے رہائشی نوجوان کو بھارتی فوج نے گزشتہ روز گھر سے اغوا کیا اور  پھر تشدد کا نشانہ بنا کر سڑک کنارے ہی پھینک کر چلے گئے، مقامی افراد نے نوجوان کو اسپتال پہنچایا تاہم آج صبح نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔


Read more

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے اپنے حلف نامے میں برطانیہ، دبئی اور ملائیشیا کی جائیداد قرض شدہ ظاہر کی لیکن اس غیر ملکی جائیداد کی منی ٹریل نہیں دی گئی، کاغذات نامزدگی میں کسی فارن اکاونٹ کا ذکر نہیں ہے، اربوں کی جائیدادیں رکھنے والے فیصل واوڈا نے 2015 میں کوئی ٹیکس نہیں دیا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے فیصل واوڈا کے خلاف یہ کہہ کر درخواست مسترد کی کہ اس نے دوہری شہریت چھوڑ دی لیکن ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں امریکی شہریت سرینڈر کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ فیصل واوڈا آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ فیصل واوڈا کراچی سے شہباز شریف کو شکست دے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

Read more

عمران خان کے حلقے میں انتخابی نتائج میں تاخیر سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی

کراچی: وزارت عظمی کے امیدوار عمران خان کے حلقہ این اے 243 کراچی میں انتخابی نتائج میں تاخیر سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی۔این اے 243 کے ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن کو رپورٹ ارسال کردی جو منظر عام پر آگئی ہے۔ ریٹرننگ افسر نے بروقت انتخابی نتائج مرتب نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ رات دو بجے تک پولنگ اسٹیشنز سے نہ عملہ پہنچا اور نہ انتخابی نتائج، جس کی وجہ سے رات دو بجے تک بھی پولنگ اسٹیشنز کے نتائج نہیں تیار کرسکا، رات دو بجکر 23 منٹ پر صورتحال سے متعلقہ حکام کو بذریعہ ای میل اگاہ کیا۔ریٹرننگ افسر نے انتخابی نتائج کے ترسیلی نظام رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کو بھی ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا کہ آر ٹی ایس کے غیرفعال ہونے کے سبب بھی نتائج نہیں مل سکے، رات دو بجے تک ہمیں پریذائیڈنگ افسران نے پولنگ اسٹیشنز سے نتائج نہیں دئیے، پولنگ اسٹیشنز سے نہ آر ٹی ایس اور نہ پریذائیڈنگ افسران سے نتائج ملے، پولنگ اسٹیشنز کے مینوئل نتائج دوسرے روز علی الصبح الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے۔


Read more

ریاستی جبر چھپانے کیلئے صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جارہی، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھات ریاستی جبر چھپانے کے لیے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دے رہا۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور صرف ایک ماہ کے دوران بھارتی جارحیت کی وجہ سے 30شہری شہید ہوچکے ہیں، 300 سے زائد زخمی اور اس دوران 169  کو حراست میں لیا گیا جب کہ 46 مکانات کو مسمار کردیا گیا، اب بھارت اپنا ریاستی جبر  چھپانے کے لیے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دے رہا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی مظالم صرف کشمیر تک محدود نہیں بلکہ خود بھارت کے اندر اقلیتی برادریاں محفوظ نہیں، بالخصوص مسلم اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک جاری ہے جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ بانڈری پر بھی ہٹ دھرمی جاری ہے، رواں برس میں اب تک بھارت نے 1400 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فائرنگ  سے اب تک 30 سے زائد بے گناہ شہری شہید جب کہ 150 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔


Read more

اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر اورمحمود اچکزئی کی ملاقات

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے کئی اہم سیاسی رہنماں نے ملاقات کی ہے۔ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف، بیٹی مریم نوازاورداماد کیپٹن (ر)صفدرحسین سے آج ملاقات کا دن ہے۔ تینوں کی کانفرنس روم میں مشترکہ طورپرملاقاتیں کرائی جارہی ہیں۔اڈیالہ جیل کا گیٹ نمبر5ملاقاتیوں کی گاڑیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے جب کہ جیل کے اندر اورباہرسیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ اہل خانہ کے علاوہ سیاسی رہنماں اور(ن)لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نواز شریف سے ملاقات کی خواہاں ہے تاہم جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی خواہش کے مطابق ملاقاتیوں کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔ فہرست کے مطابق ہی ملاقات کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب جیل انتظامیہ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو نواز شریف سے ملاقات سے روک دیا تھا۔ نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر محمود اچکزئی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں مارشل لا لگایا گیا ہے، نواز شریف کی غلطی قانون کی بالادستی اور اداروں کی مداخلت روکنے کی کوشش ہے، مجھے سابق وزیر اعظم سے نہیں ملنے دیا جارہا، میں بھی پاکستانی شہری ہوں مجھے ملنے دیا جائے۔ دریں اثنا دونوں سیاسی قائدین کو نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔

Read more

عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر معافی مانگ لی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین اور وزارت عظمی کے امیدوار عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر معافی مانگ لی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عمران خان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی۔  عمران خان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرا دیا۔ عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے کے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔عمران خان نے وطن واپسی پر نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور ائرپورٹ جانے والوں کو گدھا کہا تھا۔ الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔علاوہ ازیں عمران خان کے خلاف ووٹ کا تقدس پامال کرنے کے معاملے کی بھی سماعت ہوئی۔  ڈاکٹر بابر اعوان نے درخواست کی کہ عمران خان کا این اے 53 اسلام آباد سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے جواب میں ووٹ کا تقدس پامال کرنے سے متعلق کچھ نہیں لکھا۔


Read more

28آزاد ارکان قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروادیا

اسلام آباد:28آزاد ارکان قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروادیا ہے۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات2018میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے، تاہم عدالتی فیصلوں کے باعث849قومی وصوبائی اسمبلیوں میں سے 815کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں اور34قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں، جب کہ الیکشن کمیشن نے  آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا حکم جاری کیا تھا، آج آزاد امیدواروں کے پاس سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آخری روز ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد امیدوار آج شام 4 بجے تک کسی جماعت میں شمولیت پر تصدیق شدہ بیان حلفی دیں سکتے ہیں، بیانِ حلفی میں اپنی مرضی، دباو  اورلالچ کے بغیر پارٹی میں شامل ہونے کا لکھیں گے، جب کہ آزاد ارکانِ اسمبلی کو شامل کرنے والی جماعت کے سربراہ کا الیکشن کمیشن کوتحریری طور پر آگاہ کرنا ضروری ہوگا۔ نومنتخب آزاد ارکان اسمبلی کی شمولیت کے بعد مخصوص نشستیں الاٹ ہوں گی۔  ذرائع کے مطابق اب تک 29 آزاد امیدواران کے بیان حلفی موصول ہوئے ہیں جن میں سے 28 نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا ہے۔


Read more

گزشتہ شمارے

<< < August 2018 > >>
Sun Mon Tue Wed Thu Fri Sat
      1 2 3 4
5 6 7 8 10 11
12 13 14 15 16 17 18
19 20 21 22 23 24 25
26 27 28 29 30 31