Get Adobe Flash player

دہشتگردی کا ناسور ، ،عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے ، چوہدری نثار علی خان

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور کسی ایک ملک کے لئے نہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے لئے سنگین خطر ہ ہے، جنگ طویل ضرور مگر پاکستان اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے، ضروری ہے اس جنگ میں عالمی برادری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے۔ وہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے بات چیت کر رہے تھے ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ سے جمعرات کو ملاقات کی ۔ اس دوران پاک برطانیہ تعلقات ، سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں جاری تعاون کا جائزہ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے حالیہ دھماکوں کی مذمت اور قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دونوں ملکوں کے مستحکم تعلقات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور باہمی تحفظات کا ازالہ کرتے ہوئے مضبوط اور ہمہ جہتی پارٹنرشپ کے لئے مل کر کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ناسور کسی ایک ملک کے لئے نہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے لئے سنگین خطر ہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل ضرور ہے مگر پاکستان اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ضروری ہے کہ اس جنگ میں عالمی قوتیں اور دیگر ممالک اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت برطانیہ اور برطانوی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکنہ تعاون جاری رہے گا۔