Get Adobe Flash player

سازشی ٹولے کے مذموم عزائم کا جنازہ نکل گیا،مریم اورنگزیب

 مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم آج پھر سرخرو ہوئے ہیں،الزامات لگانے والوں نے ہر طرح کے حربے اور انتشاری سیاست کی،وزیراعظم نے الزامات کا مقابلہ تحمل اور خاموشی سے کیا اب تماشہ بند کرکے  تمام سیاسی جماعتوں کو جے آئی ٹی پر اعتماد کرنا چاہیے،آج سازشی ٹولے کی مذموم سازشوں کا جنازہ نکلا ہے،آج سچ کا بول بالا ہوا ہے اور جھوٹ کا منہ کالا ہوا ہے،محمد نوازشریف آئندہ 6 سال تک وزیراعظم رہیں گے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں،پارٹی کارکنوں نے ملک میں انتشار نہیں ہونے دیا،اب تماشہ بند کرکے  تمام سیاسی جماعتوں کو جے آئی ٹی پر اعتماد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سرخرو ہوئے ہیں،عدالتی فیصلے پر اللہ کے شکرگزار ہیں،تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم آج پھر سرخرو ہوئے ہیں،وزیراعظم نے الزامات کا مقابلہ تحمل اور خاموشی سے کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے الزامات لگانے والوں نے ہر طرح کے حربے اور انتشاری سیاست کی۔وزیرمملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آج سازشی ٹولے کی مذموم سازشوں کا جنازہ نکلا ہے،آج عدالت نے ثابت کیا کہ نوازشریف صادق اور امین ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہاکہ آج سچ کا بول بالا ہوا ہے اور جھوٹ کا منہ کالا ہوا ہے،محمد نوازشریف آئندہ 6 سال تک وزیراعظم رہیں گے،ہمارے خلاف کیس حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ جھوٹی سیاست پر مبنی ہے۔