Get Adobe Flash player

پانامہ فیصلے نے عمران اور شیخ رشید کی سیاست کا جنازہ نکال دیا،رانا ثناء اللہ

 صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاںنے کہا ہے کہ پانامہ کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ عظیم ہے۔ اس سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔ آج سپریم کورٹ سے شیخ رشید ، عمران خاں کی دھرنا اور لاک ڈائون سیاست کا جنازہ نکلا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں پانامہ فیصلہ پر رد عمل میں کیا۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ ملکی موجود ہ قیادت پر الزام تراشی کا باب آج دفن ہوگیا ۔ انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آج سے 8 ماہ قبل سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ بے بنیاد الزامات پر مبنی پانامہ ایشو کی انکوائری کے لیے کمیشن تشکیل دے دیا جائے۔انہوںنے کہا کہ جن لوگوں نے وزیر اعظم پر گھٹیا الزامات لگائے انھیں ڈوب مرنا چاہیے اور اگر وہ ایسا نہ کر سکیں تو 2018میں انتخابات میں ہار کی صورت میں عوامی سزا کا انتظار کریں۔ انہوںنے نے کہا کہ ہمارے سیا سی مخالفین کی منفی سیاست کا جنازہ بیلٹ باکس کے ذریعے نکلے گا۔وزیر قانون نے کہا کہ عمران خان کو اب سیاست سے توبہ کرلینی چاہیے اور جمہوریت کو آگے بڑھنے دینا چاہیے ۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رائے قبل از وقت انتخابات کے حق میں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بر وقت مکمل کر لیا جائیگا۔