Get Adobe Flash player

اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کا  کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں کوئی وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ کررہا ہے اور کوئی انتخابات کے خواب دیکھ رہا ہے۔سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرخواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ مضحکہ خیز ہے جس پر قوم بھی غصے میں ہے رپورٹ کو کل سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا ہم عدالت سے سرخرو ہوں گے جب کہ دھرنے دینے والوں کو پہلے کی طرح اب بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا نوازشریف  کسی کے کہنے پر استعفی نہیں دیں گے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قوم نوازشریف کی خدمات کا اعتراف کررہی ہے اوردنیا بھی ملکی ترقی کی متعرف ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اب معاشی قوت بنائیں گے،  1999 میں بھی پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی پاداش میں عالمی سازش کے تحت نوازشریف کی حکومت کو ختم کیا گیا لیکن 2 بار غیرآئینی طریقے سے ہماری حکومت کو ختم کرنے کے باوجود نوازشریف دوبارہ بھرپور طاقت کے ساتھ ملک کے وزیراعظم بنے۔وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتیں سی پیک اور گوادر پر بری طرح اثرانداز ہورہی ہیں دشمن پاکستان کو اپنے دبا میں رکھنا چاہتے ہیں دہشت گردوں کی امداد ایک بین الاقوامی کاروبار بن چکا ہے لیکن پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے اس قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف بنی نو انسان کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑرہی ہیں کچھ مخالفین وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ کررہے ہیں اور کچھ نئے انتخابات کے خواب دیکھ رہے ہیں یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ڈھائی سال قبل اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفی دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ منظوری کے لئے نہیں ہیں اور بعد میں وہی ہوا استعفی دینے والے گھٹنوں کے بل معافیاں مانگتے ہوئے اسمبلیوں میں واپس آئے، اب وہی معافیاں مانگنے والے وزیراعظم سے استعفی مانگ رہے ہیں وہ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور پہلے خود عدالتوں کا سامنا کرکے اپنے کیسز نمٹائیں کوئی شخص نوازشریف سے استعفی کا مطالبہ نہیں کرسکتا کیوں کہ نوازشریف کو وزارت عظمی ان لوگوں نے نہیں بلکہ عوام نے اپنے مینڈیٹ کے ذریعے دی۔