28آزاد ارکان قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروادیا

اسلام آباد:28آزاد ارکان قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروادیا ہے۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات2018میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے، تاہم عدالتی فیصلوں کے باعث849قومی وصوبائی اسمبلیوں میں سے 815کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں اور34قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں، جب کہ الیکشن کمیشن نے  آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا حکم جاری کیا تھا، آج آزاد امیدواروں کے پاس سیاسی جماعتوں میں شمولیت کا آخری روز ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد امیدوار آج شام 4 بجے تک کسی جماعت میں شمولیت پر تصدیق شدہ بیان حلفی دیں سکتے ہیں، بیانِ حلفی میں اپنی مرضی، دباو  اورلالچ کے بغیر پارٹی میں شامل ہونے کا لکھیں گے، جب کہ آزاد ارکانِ اسمبلی کو شامل کرنے والی جماعت کے سربراہ کا الیکشن کمیشن کوتحریری طور پر آگاہ کرنا ضروری ہوگا۔ نومنتخب آزاد ارکان اسمبلی کی شمولیت کے بعد مخصوص نشستیں الاٹ ہوں گی۔  ذرائع کے مطابق اب تک 29 آزاد امیدواران کے بیان حلفی موصول ہوئے ہیں جن میں سے 28 نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا ہے۔