بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کالعدم تنظیم کے 10 شدت پسند ہلاک

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میںکالعدم تنظیم کے 10 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق ایک سیکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر  بتایا کہ فورسز نے جمعرات کی صبح ہرنائی کے پہاڑی سلسلے میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی، جس میں 10 شدت پسند مارے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہلاک کیے جانے والے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ فورسز نے ان کے 3 ٹھکانے بھی مسمار کر دیئے۔عہدیدار کے مطابق ہلاک ہونے والے شرپسند علاقے میں بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ انہوں نے 14 اگست کو فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا، جس میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔کارروائی کے بعد شدت پسندوں کی لاشوں کو ہرنائی ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ضلع بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی۔