پی ٹی آئی کو2ہفتوں میں بیرون ملک سے ملنے والی رقوم کے ذرائع بتانے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو حکم دیا ہے کہ وہ بیرون ملک سے ہونے والی فنڈنگ کے ذرائع 2 ہفتوں کے اندر الیکشن کمیشن میں جمع کرائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل انورمنصور عدالت میں پیش ہوئے۔ انور منصور نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن ناہی عدالت ہے نا ٹربیونل اور نا ہی اس کے پاس یہ حق ہے کہ وہ کسی بھی جماعت کے فنڈز کی دستاویزات دوسری پارٹی کو دینے کا حکم جاری کرسکے، اگر ایسا ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کررہا ہے۔وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے یکم اپریل 2015 کے حکم پر فارن فنڈنگ کی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں تاہم ہمارا مقف ہے کہ یہ دستاویزات کسی دوسرے فریق کو فراہم نہ کی جائیں۔