2014سے اب تک50ارب روپے قومی خزانے میں جمع کراچکے ہیں، چئیرمین نیب

چئیرمین نیب قمر زمان کا کہنا ہے کہ ہم نے 2014 سے لے کر اب تک 50 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے اور 3 لاکھ سے زائد شکایات کو نمٹانے کی کوشش کی۔چئیرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوشن ڈویژن کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جب کہ پراسیکیوٹر جنرل اکانٹیبلٹی نیب وقاص قدیر نے بریفنگ بھی دی۔ وقاص قدیرکا کہنا تھا کہ  نیب پراسیکیوشن ونگ میں معیاری، قانونی تعلیم کے حال، ماہر اور پیشہ ور پراسیکیوٹرتعینات کئے گئے جن کے آنے سے عدالتوں میں نیب کی کارکردگی مجموعی طور پر بہت اچھی رہی۔اس موقع پر چئیرمین نیب قمر زمان کا کہنا تھا کہ 2014 سے لے کر اب تک نیب کو 3 لاکھ 43 ہزار 356 شکایات موصول ہوئیں جنہیں قانون کے مطابق نمٹایا جارہا ہے، نیب نے عدالتوں میں 2 ہزار 808 کرپشن ریفرنسز جمع کرائے، 11 ہزار کرپشن کی شکایات پر خود جانچ پڑتال کی، عام افراد اور سرکاری محکموں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر 7 ہزار 587 انکوائریاں کی گئیں، 3 ہزار 846 کرپشن کیسز کی تحقیقات کی گئیں اور اب تک 50 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کراچکے ہیں۔