0

مانچسٹر ٹیسٹ : پاکستان کی دوسری اننگ جاری


اولڈ ٹریفورڈ: مانچسٹر میں تیسرے روز کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں شان مسعود کی اہم وکٹ گنوانے کے بعد پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 41 رنز بنائے ہیں جب کہ مجموعی برتری 148 رنز کی ہوگئی ہے۔پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 219 رنز پر ڈھیر کرکے 107 رنز کی برتری حاصل کرنے والی پاکستان کی ٹیم دوسری اننگ کے آغاز میں ہی اس وقت ڈگمگا گئی جب پہلی اننگ میں 156 رنز کی کلاسک اننگز کھیلنے والے شان مسعود دوسری اننگ میں صفر پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ پہلی اننگ کے ہیرو کی وکٹ اسٹورٹ براڈ کے نام ہوئی۔شان مسعود کے آوٹ ہونے کے بعد نوجوان اوپننگ بلے باز عابد علی نے محتاط اننگ کھیلنے کی کوشش کی تاہم ڈوم بیس کی ایک گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنے کی کوشش میں 20 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس سے پہلے 7 رنز کے انفرادی اسکور پر اوپنر عابد علی کو بین اسٹوکس کے کیچ چھوڑنے پر نئی زندگی ملی تھی۔ اس وقت کریز پر اظہر علی اور بابر اعظم موجود ہیں۔قبل ازیں انگلینڈ نے تیسرے روز 4 وکٹ پر 92 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ اولے پوپ اور جوز بٹلر ایک مشکل وقت پر کریز پر آئے تو اولے پوپ نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی تاہم نسیم شاہ نے ان کی مزاحمت کو 62 رنز پر ختم کردیا۔اولے پوپ کے پویلین واپس جانے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر نے پاکستانی بولروں کو خوب پریشان کیے رکھا تاہم یاسر شاہ نے 38 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا جس کے بعد ڈومینک بیس میدان میں آئے اور صرف ایک رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد اوپر تلے وکٹیں کمزور پتوں کی طرح گرتی رہیں۔پاکستان کے سب سے کامیاب باولر یاسر شاہ رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ شاداب اور عباس نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جب کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی پاپ 62 زنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے۔انگلینڈ کی جانب سے بٹلر 38 اور اسٹورٹ براڈ نے بھی 28 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے ان کا ساتھ نہ دیا اور یوں پوری ٹیم 219 رنز پر آوٹ ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں