0

مراد علی شاہ کی اسد عمر سے ملاقات، کراچی کی بہتری کیلیے رابطہ کمیٹی بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی اسد عمر سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس میں وفاق اور سندھ کے درمیان رابطہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ترجمان وزیر اعلی ہاس کراچی کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کی، اس ملاقات میں ڈی جی این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی موجود تھے جبکہ وزیراعلی سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا سید ناصر شاہ اور سعید غنی تھے۔ملاقات کے دوران سندھ بالخصوص کراچی کے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وفاق و سندھ کے درمیان رابطہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ جو پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے پارلی مینٹیرینز پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ،وفاقی وزرا علی زیدی اور امین الحق کے علاوہ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ بھی شامل ہوں گے۔ کوآرڈینیشن کمیٹی وفاق اور صوبے کے درمیان سندھ بھر کے منصوبوں پر رابطہ کاری کے فرائض انجام دے گی۔بعد ازاں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کوشش کرتی رہی ہے، اس معاملے پر صوبائی حکومت سے بات چیت چل رہی ہے، آئین کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومت کے اختیارات ہیں، تمام حکومتیں جن کے پاس اختیارات وہ مل کر کام کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں