0

پچاس برس میں عالمی جنگلی حیات 68 فیصد کم ہوگئی، ڈبلیو ڈبلیو ایف

جینیوا: ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر ( ڈبلیو ڈبلیوایف) نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں یہ اندوہناک خبردی ہے کہ 1970 کے بعد سے اب تک کرہِ ارض پر جنگلی حیات میں 68 فیصد (دوتہائی) کمی واقع ہوئی ہے۔یہ تباہ کن کمی گزشتہ 50 برس میں ہوئی ہے جن میں ممالیوں، پرندوں، جل تھلیوں، رینگنے والے جانور اور حشرات سمیت دیگر اقسام کے جانور شامل ہیں۔عالمی ذرائع ابلاغ نے اسے جنگلی حیات کے منہ کے بل گرنے سے تعبیر کیا ہے۔ دی لِونگ پلانیٹ (زندہ سیارہ) کی رپورٹ برائے 2020 کے مطابق افریقی ہاتھیوں سے لے کر کوسٹاریکا کے لیدر بیگ کچھووں تک کی تعداد میں ہوش ربا کمی ہوئی ہے۔ اس کی ذمے داری انسانوں پر عائد کی گئی ہے کیونکہ آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی انسانی آبادی کی وجہ سے ان جانوروں کے مسکن ختم ہورہے اور گھر اجڑ رہے ہیں۔ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سربراہ مارکو لمبرٹینی نے اس واقعے کو تباہ کن کہتے ہوئے اسے فطرت کے سرخ اشارے قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاطینی امریکا اور کریبی علاقوں میں جنگلی حیات میں 94 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ پھر 1980 کے عشرے سے ہاتھیوں کے بے دریغ شکار سے 1985 سے 2000 تک اس جانور کی تعداد 94 فیصد تک کم ہوئی ہے۔ کانگو میں افریقی گوریلاں کی تعداد 67 فیصد تک کم ہوئی ہے جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ جبکہ میٹھے پانی میں رہنے والی مخلوقات کی تعداد 84 فیصد تک گھٹ چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں