0

کراچی میں پانی اور بجلی کے بعد اب گیس بحران بھی سر اٹھانے لگا

کراچی: شہر قائد میں بجلی کی طویل بندش اور پانی کی عدم فراہمی کے بعد مقامی صنعتوں کے ساتھ اب شہرکے گھریلو صارفین بھی گیس پریشر میں کمی سے شدید مشکلات کی زد میں آگئے ہیں۔کراچی کے علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، نارتھ کراچی، لسبیلہ، قیوم آباد، کورنگی، کیماڑی، اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گیس پریشر میں کمی کی شکایات ہیں جس سے گھریلو صارفین کو کھانے پکانے سمیت دیگر امور میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ شہری گیس کے حصول کیلیے مہنگے ایل ہی جی سلنڈرز کا سہارا لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گیس کی کمی کو جواز بناتے ہوئے کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں 3سے 9گھنٹے تک کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ ایس ایس جی سی نے سی این جی اسٹیشنز کو بھی چوبیس گھنٹے کے لئے گیس سپلائی معطل کردی۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گیس پریشر کی بحالی کے ساتھ صورتحال بہتر ہو جائیگی جبکہ ایس ایس جی ترجمان کا کہناہے کہ مختلف گیس فیلڈز سے مطلوبہ مقدار موصول نہیں ہورہی جس کی وجہ سے گھریلو صارفین اور کمرشل سیکٹر کی طلب پوری کرنے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے۔جسے پورا کرنے کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے کی صبح آٹھ بجے سے چوبیس گھنٹے کے لئے گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں