0

اندرون سندھ سے آنے والی پارٹی کراچی کیلیے کچھ نہیں کرتی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اندرون سندھ سے آنے والی پارٹی کراچی کیلیے کچھ نہیں کرتی جبکہ بیرون ملک دشمن قبائلی علاقے اور خیبر پختون خوا کا انضمام نہیں چاہتا۔وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر مہمند پہنچے جہاں انہوں نے ناحقئی سرنگ اور شیخ زید روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ وہ اصول ہے جو مدینہ کی ریاست کے اصول تھے کہ کمزور طبقے کو اوپر لانا ہے، ترقی یہ ہونی چاہیے کہ تمام علاقوں کو اوپر اٹھایا جائے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک علاقہ اوپر چلا جائے اور باقی سب نیچے چلے جائیں، جو پارٹی اندرون سندھ سے آتی ہے وہ کراچی کے لیے کچھ نہیں کرتی اور صرف اندرون سندھ پر توجہ دیتی ہے، اسی لیے کراچی کے برے حالات ہیں، اسی طرح پنجاب میں بھی ایسا ہی تھا کہ صرف ایک شہر لاہور کو اوپر اٹھایا گیا باقی سب پیچھے رہ گئے۔عمران خان نے کہا ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ فنڈ قبائلی علاقوں پر خرچ کیے جائیں، صوبوں نے الیکشن سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنا این ایف سی کا 3 فیصد قبائلی علاقوں کو دینگے، لیکن جب ہماری حکومت آئی تو خیبرپختونخوا کے سوا باقی 3 صوبے اپنا 3 فیصد دینے کو تیار نہیں جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا، باقی صوبوں نے کہا ہے کہ حالات بہت برے ہیں۔ عمران خان نے صوبوں پر اپنا وعدہ پورا کرنے کے لیے زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں