0

عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرنا بند کریں، بلاول

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ وفاقی حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو رہا کرے۔ عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرنا بند کریں۔انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن کے سیاست دانوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا۔ حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔قبل ازیں اپنے ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کورونا کی عالمی وبا کے دوران بھی اپوزیشن رہنماں سے سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسالوں سے عدالتوں میں پیش ہونے، ای سی ایل میں نام اور قید کے باوجود صدر زرداری اور فریال تالپور عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں۔ مفرور غدار ڈکٹیٹر، تین معاون خصوصی، وزرا اور وزیراعظم کی ہمشیرہ کو عدالتوں میں طلب نہیں کیا جاتا کیوں کہ ملک میں دہرے قوانین ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں