0

ذہن مضبوط بنانا ہے تو قلم سے لکھنے کی عادت ڈالیے، تحقیق

اوسلو: ناروے میں نوجوانوں اور 12 سالہ بچوں پر کی گئی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ قلم سے لکھنے یا ڈرائنگ بناتے دوران دماغ میں ایسی خاص سرگرمیاں پیدا ہوتی ہیں جو ذہانت، یادداشت اور سیکھنے کے بہترین عمل سے براہِ راست تعلق رکھتی ہیں۔ لیکن کی بورڈ سے کام کرنے پر یہ سرگرمیاں مشاہدے میں نہیں آئیں۔آسان الفاظ میں یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ اگر آپ اپنے ذہن کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو کی بورڈ سے زیادہ قلم سے لکھنے کی مشق پر توجہ دیجیے۔یہ مطالعہ نارویجین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اعصابیات (نیورولوجی) کی پروفیسر آڈری وان ڈر میر کی سربراہی میں کیا گیا ہے، جو گزشتہ کئی سال سے اسی موضوع پر تحقیق کررہی ہیں۔قبل ازیں 2017 میں بھی انہوں نے یونیورسٹی کے 20 طالب علموں میں کی بورڈ اور قلم استعمال کرتے ہوئے لکھنے کی عادت اور سیکھنے کی صلاحیت کے مابین تعلق پر تحقیق کی تھی؛ اور یہی نتیجہ اخذ کیا تھا کہ جب ہم لکھنے کیلیے قلم کا استعمال کرتے ہیں تو ہماری اکتسابی صلاحیتیں واضح طور پر بہتر ہوتی ہیں۔تازہ مطالعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں 12 نوجوانوں کے علاوہ 12 سال کی عمر والے 12 بچے بھی بطور رضاکار شریک کیے گئے۔دماغ میں پیدا ہونے والی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی غرض سے انہیں خاص طرح کی نرم برقی ٹوپی پہنائی گئی جس میں 256 حساسیے (سینسرز) نصب تھے۔ ہر رضاکار کو 45 منٹ کی آزمائش سے گزارا گیا جس میں برقی قلم سے ٹچ اسکرین پر لکھنا، ڈرائنگ بنانا اور کمپیوٹر کی بورڈ سے ٹائپ کرنے کی مشقیں شامل تھیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں