0

سرطان زدہ خلیات کو بھسم کرنے والی مقناطیسی پٹی


بنگلور: بھارتی سائنسدانوں نے ایک ایسی مقناطیسی پٹی ایجاد کرلی ہے جو کھال کے سرطان زدہ خلیات کو گرم کرکے ہلاک کردیتی ہے۔ اسے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، بنگلور میں شلپی جین اور ان کے ساتھیوں نے تیار کیا ہے۔بظاہر یہ جراحی والی عام سی پٹی ہے جسے زخم ڈھکنے کیلیے باندھا جاتا ہے، تاہم اس میں اضافی طور پر خاص طرح کے مقناطیسی نینو ذرات کی اضافی تہہ بھی ہے۔اس پٹی کو سرطان زدہ (یعنی کینسر میں مبتلا) کھال پر چپکانے کے بعد اس کے قریب ہی بدلتا ہوا مقناطیسی میدان قائم کیا جاتا ہے۔ پٹی میں موجود نینو ذرات اس مقناطیسی میدان کی توانائی اپنے اندر جذب کرکے تیزی سے تھرتھرانے لگتے ہیں جس سے پٹی کا اندرونی حصہ گرم ہو کر اپنے نیچے موجود خلیوں کو ہلاک کر دیتا ہے۔یہ پٹی اب تک چوہوں کے علاوہ کلچر ڈش میں رکھے گئے سرطان زدہ انسانی خلیات پر بھی کامیابی سے آزمائی جاچکی ہے۔ تاہم شلپی جین نے خبردار کیا ہے کہ جب تک اس پٹی کی افادیت خرگوشوں، کتوں اور بندروں پر تجربات میں ثابت نہیں ہوجاتی، تب تک اسے انسانوں پر آزمانے کا سلسلہ شروع نہیں کیا جاسکتا۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں