0

آکسیجن سیلنڈر نہ ملنے پر کورونا کے 8 مریض جاں بحق


پشاور: خبیرٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن سیلنڈر بروقت نہ پہنچنے کے باعث کورونا کے 8 مریض دم توڑ گئے۔ترجمان خبیر ٹیچنگ اسپتال کے مطابق گزشتہ شب روالپنڈی سے آکسیجن سیلنڈر بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے کورونا کے 8 مریض جاں بحق ہوگئے۔ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال نے بتایا کہ سردی میں مریضوں کو آکسیجن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، تاہم آکسیجن ختم ہونے پر سنٹرل آکسیجن سے سپلائی تین گھنٹے تاخیر سے پہنچی، اسپتال کے مختلف وارڈز میں تشویش ناک حالت میں مریض شدید مشکلات کا شکار رہے، اور بروقت آکسیجن نہ ملنے کے باعث کورونا وارڈ، آئی سی یو اور میڈیکل وارڈ میں تشویشناک حالت میں زیرعلاج 8 مریض دم توڑ گئے۔دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختون خوا محمود خان نے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی سے مریضوں کی اموات کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور وزیر صحت کو اسپتال کے بورڈ آف گورنرز سے واقعے کی تحقیقات کروانے کی ہدایت کی ہے۔محمود خان کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹوں کے اندر واقعے کی تمام پہلوں سے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے، 48 گھنٹوں میں تحقیقات مکمل نہ ہونے کی صورت میں صوبائی حکومت واقعے کی اپنی سطح پر آزادانہ تحقیقات کروائے گی، یہ واقعہ متعلقہ ذمہ داروں کی جانب سے سنگین غفلت اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہے، واقعے کی رپورٹ پبلک کی جائے گی اور تمام معاملات عوام کے سامنے لائے جائیں گے، اور ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں