0

پی ڈی ایم کا الٹی میٹم مسترد، وزیراعظم مستعفی نہیں ہونگے، شاہ محمود


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم کا 31 دسمبر کا الٹی میٹم مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم مستعفی نہیں ہونگے اور اگر پی ڈی ایم سنجیدہ ہے تو 31 دسمبر تک ان کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس پہنچنے چاہئیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کہتی ہے کہ حکومت سے گفت و شنید کا وقت جاچکا، دھمکیوں سے تو بات نہیں چلے گی، یہ رویہ جمہوریت کو نقصان پہنچا سکتا ہے تاریخ سے سبق سیکھیے، بلاول نے اگر سیکھنا ہے تو اپنے نانا سے سیکھ لیجیے، بھٹو صاحب نے اپنے خلاف اٹھنے والی تحریک کو کہا آئیے بیٹھیے بات کیجیے، سیاست میں ہٹ دھرمی نہیں ہوتی آپ ہمیشہ راستہ تلاش کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاہور ڈکلیریشن سامنے آیا جس میں بہت سی باتیں کی گئیں کہ اکتیس جنوری تک وزیراعظم مستعفی ہوجائیں، ہم آپ کے الٹی میٹم کو مسترد کرتے ہیں، وزیراعظم مستعفی نہیں ہونگے، ہمیں ایک کروڑ 70لاکھ ووٹ ملا ہے وزیراعظم کیوں مستعفی ہوجائیں، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ اسمبلیوں کو تحلیل بالکل نہیں کیا جائے گا، ملک کا نظام کھلونا نہیں جس سے کھیلا جاتا رہے، نئے الیکشنز کا مطالبہ غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں