0

جوبائیڈن حکومت کا پاکستان سے تعاون بڑھانے،خطے میں بھارتی کردار محدود کرنے کا اشارہ


واشنگٹن: امریکا کے نامزد سیکریٹری دفاع سابق جنرل لوئیڈ آسٹن نے پاکستان کو افغان عمل کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کا امن خراب کرنے والے کرداروں کو قابو میں رکھا جائے گا۔امریکی میڈیا سے مستقبل کی دفاعی پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر بطور سیکریٹری دفاع میری توثیق ہوجاتی ہے تو میں پاکستان کا تعاون حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ انہوں نے خطے میں بھارت کے کردار کی جانب اشاراتا تبصرہ کرتے ہوے کہا کہ افغان عمل میں بگاڑ کی کوششیں کرنے والے کرداروں کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔جنرل آسٹن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مستقبل کے کسی بھی سیاسی بندوبست میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ امریکی درخواست پر پاکستان نے افغان امن عمل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نے اس کے ساتھ ساتھ لشکر طیبہ اور جیش محمد جیسی تنظیموں کے خلاف اقدامات کیے ہیں، اگرچہ اس سلسلے میں مزید پیش رفت ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی امداد معطل کرنے سے باہمی تعاون متاثر ہوسکتا ہے جس میں افغان مذاکرات سے لے کر پلوامہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک صورت حال بھی شامل ہے۔نامزد سیکریٹری دفاع اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے سابق کمانڈر جنرل لوئیڈ آسٹن نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات میں اضافے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعاون میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جن میں انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن فنڈ(آئی ایم ای ٹی) کے تحت پاکستان کے اعلی عسکری افسران کی تربیت کے پروگرام بھی شامل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں