0

الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کا شیڈول جاری کردیا


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی میں پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے 3 مارچ کو پولنگ ہوگی، پولنگ کا عمل 3 مارچ کو صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا۔ اسلام آباد کے لیے اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ظفر اقبال حسین، پنجاب کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان، سندھ کیلیے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان، خیبرپختونخوا کیلیے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ جب کہ بلوچستان کیلیے صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق ریٹرننگ افسر ہوں گے۔انتخابی شیڈول کے تحت امیدوار 12 اور 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 اور 16 فروری کو ہو گی، امیدواروں کے اعتراضات 19 اور 20 فروری کو نمٹائے جائیں گے، الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو جاری کرے گا جب کہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کے لیے امیدوار 22 فروری تک کاغذات واپس لے سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں